ریزلٹ سے پہلے طلبہ کو جوابی بیاض دکھانے کا انقلابی اقدام

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 26-June-2019

حیدرآباد،(پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی کے امتحانی نظام میں ایک انقلابی پہل کے طور پر طلبہ کو نتیجہ جاری ہونے سے قبل ہی جوابی بیاض دکھانے کی روایت شروع کی گئی ہے۔ اس پر یونیورسٹی کے تمام کالجوں، سٹیلائٹ کیمپسوں میں مئی 2019ء میں منعقدہ امتحانات سے عمل آوری کی جارہی ہے۔ مانو اس انقلابی نظام کو نافذ کرنے والی ملک کی پہلی سنٹرل یونیورسٹی ہے۔ واضح رہے کہ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم پرویز نے امتحانات اور پرچوں کی جانچ کے عمل میں شفافیت لانے کے لیے خصوصی طور پر اس نظام کو متعارف کروایا ہے۔ اس کوشش کا مقصد مانو میں طلبہ کے اکتسابی تجربہ میں بہتری لانا ہے۔ حالیہ امتحانات کے بعد طلبہ کو نئے نظام کے تحت جوابی بیاض دکھائے گئے۔ جوابات پر تبادلہ خیال ہوا اور امتحانات کی تکمیل کے اندرون 20 یوم نتائج بھی جاری کردیئے گئے۔ یہ ایک اصلاحی اقدام ہے، جو امتحانات کو محض اکتسابی جانچ کا نظام نہیں بلکہ افزودگیٔ اکتساب کا عمل بنادیتا ہے۔ اس نظام کے باعث طلبہ کو امتحانات کے نتائج تک سیکھنے کا موقع رہے گا۔ اپنی جوابی بیاض حاصل کرنے کے بعد طلبہ جہاں اپنی خوبیوں کو جان سکیں گے وہیں اساتذہ سے اپنی مختلف خامیوں اور ان کے سدباب کے گر سیکھ سکیں گے تاکہ آئندہ اس میں بہتری آئے۔