سرفراز آئی سی سی ایونٹس میں بھارت کو ملنے والی مددگار پچز پر نالاں

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-June-2019

لندن (آئی این ایس انڈیا) پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ کے اہم میچ کے لیے تیار کی گئی گرین ٹاپ وکٹ نے پریشان کر دیا ہے۔پاکستان اور آسٹریلیا بدھ کے روز ورلڈکپ کے 17 ویں میچ میں ٹاؤنٹن کے کاؤنٹی کرکٹ گراؤنڈ میں مدمقابل ہوں گے۔باوثوق ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا شکوہ ہے کہ پاکستانی ٹیم کو ایسی پچیں ملتی ہیں جو ان کے گیم کو فیور نہیں کرتیں۔ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان کاؤنٹی گراؤنڈ کی گھاس والی وکٹ سے خوش نہیں ہیں اور ان کے مطابق یہ پچ فاسٹ بولرز کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گی کیونکہ اس پچ پر گیند زیادہ باؤنس ہو گی۔واضح رہے کہ قومی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی وکٹ میں غیر ضروری باؤنس ہونے کی وجہ سے محض 105 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو گلہ ہے کہ بھارت کو آئی سی ایونٹس میں ہمیشہ ایسی وکٹیں دی جاتی ہیں جو بلے بازوں اور اسپنرز کے لیے سازگار ہوتی ہے، ایسی وکٹیں ایشیائی ٹیموں کے لیے فائدہ مند ہوتی ہیں۔دوسری جانب قومی ٹیم کے بولنگ کوچ اظہر محمود کا کہنا ہے کہ ہم نے ماضی کی غلطیوں سے سیکھا ہے، ویسٹ انڈیز کے خلاف جو غلطیاں کیں انہیں دوبارہ نہیں دہرائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف ہمارے بلے بازوں کی کارکردگی متاثر کن تھی، انگلینڈ کے خلاف جیت سے ٹیم کا مورال بلند ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہم آسٹریلیا سے بھی جیتیں گے۔انگلینڈ میں کھیل کا وسیع تجربہ رکھنے والے اظہر محمود کا کہنا ہے کہ کی کاؤنٹی گراؤنڈ کی وکٹ پر زیادہ سے زیادہ اسکور بن سکتا ہے۔پچ سے متعلق ان کا کہنا ہے کہ پچ پر گھاس ہے لیکن گیم میں ابھی دو روز باقی ہیں پریشانی کی کوئی بات نہیں ہے۔