مضبوط انگلینڈ کا سامنا کمزور سری لنکا سے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 21-June-2019

لیڈز،(یو این آئی ) دنیا کی نمبر ایک ٹیم اور میزبان انگلینڈ کا ورلڈ کپ میں جمعہ کو مقابلہ ٹورنامنٹ میں اب تک اپنے نشان چھوڑ پانے میں ناکام رہی سری لنکا سے ہوگا۔انگلینڈ کے پانچ میچوں میں چار جیت اور ایک ہار کے ساتھ آٹھ پوائنٹس ہیں اور وہ پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ہے جبکہ سری لنکا کی ٹیم پانچ میچوں میں ایک جیت، دو ہار اور دو منسوخ نتیجوں کے ساتھ فی الحال چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ سری لنکا کے اکاؤنٹ میں چار پوائنٹس ہیں۔ انگلینڈ کو واحد شکست پاکستان کے ہاتھوں ملی ہے، وہیں سری لنکا نے اپنی واحد فتح ٹورنامنٹ میں نچلے پائیدان پر چل رہی افغانستان کے خلاف حاصل کی تھی۔میزبان انگلینڈ کی ٹیم آغاز سے ہی اس ٹورنامنٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ اس نے اوپننگ میچ میں جنوبی افریقہ کو 104 رنز کے بڑے فرق سے شکست سے دو چار کیا تھا۔ لیکن دوسرے مقابلے میں پاکستان نے اس ورلڈ کپ کا پہلا الٹ پھیر کرتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم کو شکست دی تھی۔ اگرچہ پاکستان سے ملی ہار سے سبق لیتے ہوئے انگلش ٹیم نے زبردست واپسی کی اور مسلسل تین مقابلے جیت کر اس نے بتا دیا کہ وہ ٹورنامنٹ کی غالب دعویداروں میں سے ایک ہے۔انگلینڈ نے بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز اور افغانستان کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کی ہیں ۔ انگلینڈ نے افغانستان کے خلاف 150 رنز کی بڑی جیت درج کی تھی۔ اگر ویسٹ انڈیز کے ساتھ مقابلے کو چھوڑ دیا جائے تو میزبان ٹیم نے اس عالمی کپ کے دیگر مقابلوں میں پہاڑ جیسا اسکور بنایا ہے۔انگلینڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے میچ میں 311 رنز، دوسرے مقابلے میں پاکستان کے خلاف 348 جیسے مضبوط اسکور کا پیچھا کرتے ہوئے 334 رنز، بنگلہ دیش کے خلاف تیسرے میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 386 رنز اور افغانستان کے خلاف اپنے گزشتہ مقابلے میں 397 رن کا بڑا اسکور بناکر اس نے اس عالمی کپ کا بہترین اسکور بنایا تھا۔انگلینڈ کی بیٹنگ کسی بھی ٹیم کے خلاف آگ اگلنے جیسی رہی ہے۔ اس کی ٹیم کے اوپنر سے لے کر مڈل آرڈر تک کے بلے باز ایک ہی تال میں کھیلنے نظر آئے ہیں۔ اگرچہ جیسن رائے کے زخمی ہونے کی وجہ سے اسے دھچکا ضرور لگا لیکن ان کی ٹیم میں شامل نہ ہونے کے باوجود انگلینڈ کی بیٹنگ جارحانہ ہی نظر آئی ہے۔افغانستان کے خلاف انگلینڈ کے کپتان ایون مورگن نے جس انداز میں بلے بازی کا نظارہ پیش کیا وہ اپنے آپ میں حیرت انگیز تھا۔ انہوں نے اس مقابلے میں نہ صرف بڑی اننگز کھیلی بلکہ بہت سے پرانے ریکارڈ کو منہدم کیا اور ایک اننگز میں 17 چھکے جڑکر عالمی کپ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ بولنگ شعبہ میں بھی انگلینڈ کی ٹیم کہیں پیچھے نہیں رہی ہے۔ انگلینڈ کے گیند بازوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف خطرناک بولنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی اننگز کو لڑکھڑا دیا اور مقابلے میں کہیں بھی اپنے اوپر حاوی نہیں ہونے دیا۔ویسٹ انڈیز کی اننگز کو محض 212 کے اسکور پر سمیٹ کر اس نے آٹھ وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔ جہاں ایک طرف انگلینڈ ہر مقابلے میں اور بھی طاقت کے ساتھ کھیل رہی ہے وہیں سری لنکا کی ٹیم اس ورلڈ کپ میں اپنا جلوہ بکھیر پانے میں ناکام رہی ہے۔ اگرچہ سری لنکا ٹورنامنٹ کی ایسا اکلوتی ٹیم ہے جس کے دو مقابلے بارش کی وجہ سے منسوخ کرنے پڑے تھے۔