نیوزی لینڈ کے خلاف فاتحانہ مہم کو برقرار رکھنے اترے گی ٹیم انڈیا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 13-June-2019

ناٹنگھم،(یواین آئی) سلامی بلے باز شکھر دھون کے انگوٹھے کی چوٹ کے بعد ٹیم انڈیا کو نیوزی لینڈ کے خلاف جمعرات کو یہاں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ مقابلے میں اپنے آخری الیون کے لئے ذہنی مشق کے ساتھ ہی اپنی فاتحانہ مہم کو بھی برقرار رکھنا ہوگا۔ دنیا کی نمبر دو ٹیم ہندوستان نے اپنے پہلے دو مقابلوں میں جنوبی افریقہ اور دفاعی چمپئن آسٹریلیا کو شکست دی ہے اور اب اس کا مقابلہ اس ٹیم کے ساتھ ہے جو مسلسل تین میچ جیت چکی ہے۔ نیوزی لینڈ نے ایشیا کی تین ٹیموں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کو شکست دی اور اب اس کی توجہ چوتھی ایشیائی ٹیم ہندوستان کے خلاف بھی جیت حاصل کرنے پر مرکوز ہوگی۔ ہندوستان کے سامنے بائیں ہاتھ کے سلامی بلے باز شکھر کے زخمی ہونے سے آخری الیون کے لئے مسئلہ ہوگیا ہے۔ شکھر نے آسٹریلیا کے خلاف گزشتہ میچ میں شاندار سنچری بنائی تھی لیکن اسی دوران انہیں اپنے بائیں ہاتھ کے انگوٹھے پر تیز گیند باز پیٹ کمنز کی گیند پر چوٹ لگ گئی تھی اور لیڈس میں اسکین کرائے جانے پر اس میں فریکچر کا پتہ لگا تھا۔ فی الحال ہندوستانی ٹیم انتظامیہ نے شکھر کے متبادل کے طور پر نوجوان وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کو انگلینڈ بلایا ہے۔شکھر کے نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے باہر ہو نے کے بعد لوکیش راہل کو اوپننگ میں روہت شرما کے جوڑی دار کے طور پر اتارا جا سکتا ہے۔ راہل اب تک دو میچوں میں چوتھے نمبر پر کھیلے تھے جبکہ بنگلہ دیش کے خلاف پریکٹس میچ میں انہوں نے چوتھے نمبر پر ہی سنچری بنائی تھی۔راہل سلامی بلے باز ہیں لیکن روہت اور شکھر کی تجربہ کار جوڑی کی وجہ سے وہ چوتھے نمبر پر اتر رہے تھے۔راہل کے اوپننگ میں جانے کے بعد اب ٹیم مینجمنٹ کو مڈل آرڈر میں ان کی جگہ لینے کے لئے دو کھلاڑیوں کے بیچ میں سے فیصلہ کرنا ہوگا۔ دنیش کارتک ویسے تو وکٹ کیپر بلے باز ہیں لیکن مہندر سنگھ دھونی کی موجودگی میں انہیں بلے باز کے طور پر ہی میدان میں اترنا ہوگا۔وجے شنکر میڈیم تیزگیندباز آل راؤنڈر ہیں ۔چیف سلیکٹر ایم یاس کے پرساد نے عالمی کپ ٹیم کا اعلان کرتے وقت انہیں سہ ابعادی کھلاڑی بتایا تھا۔ہندوستانی سلیکٹر اس وقت انگلینڈ میں ہندوستانی ٹیم کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں جن میں پرساد بھی شامل ہیں۔ اب یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ مڈل آرڈر میں ٹیم مینجمنٹ کارتک کے تجربے کو ترجیح دیتا ہے یا پھر شنکر کی آل راونڈ کارکردگی کو ۔ ہندوستان کو آخری الیون سے الگ اپنی حریف نیوزی لینڈ پر بھی توجہ دینی ہو گا۔جس نے ورلڈ کپ کے اپنے پہلے تین میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ہندوستان نے اس سال نیوزی لینڈ کے دورے میں ون ڈے سیریز میں 4-1 سے کامیابی حاصل کی تھی لیکن جب عالمی کپ کی بات ہو تو چیزیں بدل جاتی ہیں۔ نیوزی لینڈ ویسے بھی گزشتہ رنر اپ ہے اور اس کے پاس مضبوط بلے بازی اور گیندبازی آرڈر ہے۔نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 10 وکٹ سے، بنگلہ دیش کو دو وکٹ سے اور افغانستان کوسات وکٹ سے شکست دی تھی۔ نیوزی لینڈ نے اپنے تینوں میچ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جیتے ہیں۔