نیوزی لینڈ کے خلاف میچ جنوبی افریقہ کے لئے آر پار کی جنگ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 19-June-2019

برمنگھم،(یو این آئی ) پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے مقام پر چل رہی نیوزی لینڈ کے خلاف میچ آئی سی سی کرکٹ عالمی کپ میں جنوبی افریقہ کے لئے بدھ کو برمنگھم میں آر پار کی جنگ ہو گا ۔ٹورنامنٹ میں خطاب اور سیمی فائنل کی دوڑ میں برقرار رہنے کے لئے جنوبی افریقہ کے لیے نیوزی لینڈ کے خلاف ہر حال میں مقابلہ جیتنا ضروری ہو گا ۔ جنوبی افریقہ کے پانچ میچوں میں تین ہار، ایک جیت اور ایک منسوخ سے تین پوائنٹس ہیں اور وہ فی الحال پوائنٹس ٹیبل میں آٹھویں نمبر پر ہے جبکہ ٹورنامنٹ میں مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی نیوزی لینڈ کے چار میچوں میں تین جیت اور ایک میچ منسوخ ہو جانے سے سات پوائنٹس ہیں۔اگرچہ نیوزی لینڈ اس مقابلے کا دعویدار ہے لیکن جنوبی افریقہ کے پاس بھی بہترین ٹیم ہے اور ایسے کھلاڑی ہیں جو میچ کا رخ اپنے حق میں کرنے کے قابل ہیں۔ اگرچہ جنوبی افریقہ اس عالمی کپ میں توقعات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کر نے میں ابھی تک ناکام رہی ہے۔جنوبی افریقہ کو پہلے میچ میں میزبان انگلینڈ کے ہاتھوں شرمناک شکست کھانی پڑی تھی لیکن دوسرے میچ میں اسے بنگلہ دیش نے بڑا الٹ پھیر کرتے ہوئے 21 رن سے شکست دی تھی۔ جنوبی افریقہ کا تیسرا مقابلہ ہندستان سے تھا اور وہاں بھی اسے منہ کی کھانی پڑی تھی۔اگرچہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ان کا مقابلہ بارش کی وجہ سے منسوخ کرنا پڑا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹس ملا تھا۔ لیکن اس مقابلے میں بھی اس کی شروعات اچھی نہیں رہی تھی اور 7.3 اوور میں جنوبی افریقہ نے دو وکٹوں کے نقصان پر 29 رنز بنائے تھے۔ جنوبی افریقہ نے گزشتہ میچ میں افغانستان کو شکست دے کر اس عالمی کپ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کی تھی۔جنوبی افریقہ کے اب چار میچ باقی ہیں اور سیمی فائنل کی دوڑ میں رہنے کے لئے اسے تمام مقابلے جیتنے ہوں گے۔ ایسے میں نیوزی لینڈ جیسی متوازن ٹیم کے خلاف انہیں ہر شعبہ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ٹورنامنٹ میں واپسی کرنی ہوگی۔جنوبی افریقہ کے پاس بہترین بلے باز ہیں جو بڑا اسکور بنانے کے اہل ہیں۔ حالانکہ ابھی تک ٹورنامنٹ میں ان کی سلامی جوڑی کچھ خاص نہیں کر پائی ہے۔ جنوبی افریقہ کو اچھی شروعات دلانے کے لئے كوئنٹن ڈی کوک اور تجربہ کار ہاشم آملہ پر بڑی شراکت کرنے کی ذمہ داری ہو گی۔مڈل آرڈر میں کپتان فاف ڈو پلیسس، ایڈن مارکرم اور جے پی ڈومنی کو اچھی اننگز کھیلنی ہوگی۔ تیز گیند بازی میں كیگسو ربادا اور لنگی اینگدي پر بولنگ کرنے کا دارومدار ہوگا جبکہ عمران طاہر کو اپنی شاندار گیند بازی سے حریف بلے بازوں کو اپنی اسپن پر نچانا ہوگا ۔ طاہر افغانستان کے خلاف مین آف دی میچ رہے تھے۔نیوزی لینڈ کی ٹیم کی عالمی کپ میں اب تک بہترین کارکردگی رہی ہے اور اسے ایک بھی میچ میں شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا ہے۔ نیوزی لینڈ نے پہلے مقابلے میں سری لنکا کو 10 وکٹ سے ہرایا تھا جبکہ دوسرے مقابلے میں ان کا سامنا الٹ پھیر میں مہارت رکھنے والے بنگلہ دیش سے تھا جہاں اسے دو وکٹ سے کامیابی ملی تھی۔ تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو شکست دی تھی۔