وقفہ صفر اور خصوصی مسائل پر اراکین کو جواب دیں وزراء: نائیڈو

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 25-June-2019

نئی دہلی، (یو این آئی) راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے آج وزراء سے کہا ہے کہ وقفہ صفر اور خصوصی مسئلہ کے تحت ایوان میں کئے گئے سوالات پر حکومت کی کارروائی سے اراکین پارلیمنٹ کو ایک مہینے کے اندر باخبرکریں۔مسٹر نائیڈو نے پیر کے دن وقفہ صفر کی کارروائی ختم ہونے سے پہلے کہا کہ یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ اکثر وزراء اراکین پارلیمنٹ کو ان سے پوچھے گئے سوالات پر جواب نہیں دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایوان کے لیڈر پارلیمانی وزیر کے ذریعہ سے وزراء سے کہنا چاہتے ہیں کہ وہ ان مسائل پر حکومت کے ذریعہ کی گئی کارروائی سے اراکین کو 30 دنوں کے اندر اطلاعات فراہم کریں۔مسٹر وینکیا نائڈو نے کہا کہ اگر ایسا نہیں ہوتا تو اس مسئلہ پر بات چیت کرنی ہوگی اور کسی متبادل کے بارے میں سوچنا ہوگا۔پارلیمانی امور کے وزیر وی مرلی دھرن نے کہا ہے کہ وہ پارلیمانی امور کے وزیر کو اس مسئلہ سے باخبر کرائیں گے اور ضروری اقدام کیا جائے گا۔