پٹنہ ۔گیا سیکشن پر آنند ویہار ایکسپریس جیپ سے ٹکرائی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-June-2019

پٹنہ (اسٹاف رپورٹر): پٹنہ سے گیا کے راستے دہلی جارہی آنند ویہار ایکسپریس پٹنہ۔ گیا سیکشن کے ندواں اسٹیشن کے پھاٹک پر جمعہ کے روز ایک جیپ سے ٹکراگئی۔ یہ ٹکر اتنی زوردار تھی کہ جیپ کے پرخچے اڑ گئے۔ موت کو قریب پاکر جیپ پر سوار سبھی مسافر بھاگ کھڑے ہوئے۔ اس لئے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اس حادثے کے بعد تریگنا جی آر پی جائے حادثے پر پہنچ گئی ہے اور معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جمعہ کے روز تقریباََ 11 بجے دن میں دھنروا تھانہ کے ندواں بازار سے مسافروں کولے کر ایک جیپ مسوڑھی تھانہ کے چپورکی طرف جارہی تھی۔ گاڑی پر 6 افراد سوار تھے۔ جیپ جیسے ہی ندواں اسٹیشن کے اتر پھاٹک کو پار کرتے ہوئے ریلوے لائن پر پہنچی، جیپ کا ٹائر گٹی میں پھنس گیا۔ اسی وقت پٹنہ کی طرف سے تیز رفتار آنند ویہار ایکسپریس وہاں پہنچ گئی ۔ ٹرین کی آواز سن کر جیپ پر سوار مسافر اور ڈرائیور گاڑی سے اتر کرد بھاگے اور کسی طرح سے جان بچانے میں کامیاب ہوئے۔ آنند ویہار ایکسپریس جیپ کو ٹکر مارتے ہوئے آگے نکل گئی۔