ہم نے اچھی کارکردگی نہیں کی: ڈو پلیسس

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 25-June-2019

لندن،(یو این آئی ) پاکستان کے ہاتھوں ورلڈ کپ میچ میں شکست کے ساتھ آئی سی سی ورلڈ کپ سے باہر ہو چکی جنوبی افریقہ ٹیم کے کپتان فاف ڈو پلیسس نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم کی کارکردگی ٹورنامنٹ میں مایوس کن رہی ہے۔جنوبی افریقہ کی اس ٹورنامنٹ کے سات مقابلوں میں یہ پانچویں شکست ہے اور اس کا عالمی کپ میں سفر ختم ہو چکا ہے۔ پاکستان کے ہاتھوں ملی 49 رن کی شکست کے بعد اس کی بچی کھچی امیدیں بھی ختم ہو گئی ہیں۔ میچ کے بعد ڈو پلیسس نے کہاکہ ہم نے اچھی کارکردگی نہیں کی۔ ہماری بولنگ بھی خراب رہی۔ اب تک ٹورنامنٹ میں ہماری بولنگ صحیح تھی لیکن پاکستان کے خلاف ہماری بولنگ اچھی نہیں رہی۔ ہماری شروعات کافی خراب تھی۔ 300 سے زیادہ ہدف کا تعاقب کرنا آسان نہیں ہوتا اور ہم نے بلے بازی میں بھی کافی غلطیاں کیں۔انہوں نے کہاکہ ہمیں شراکت کی ضرورت تھی، لیکن بلے باز مسلسل اپنا وکٹ گنواتے رہے۔ ہمیں اچھی شروعات کی ضرورت تھی۔ لیکن ہم ایسا کرنے میں ناکام رہے۔ ایک طرف جہاں ہمیں پچ پر ٹک کر شراکت کو مضبوط کرنے کی ضرورت تھی وہیں دوسری طرف ہم اپنے وکٹ کھوتے رہے۔ پورے ٹورنامنٹ کے دوران ہمارا کھیل ایسا ہی چلتا رہا۔ ایسا اعتماد کی کمی کی وجہ سے بھی ہو سکتا ہے۔ کپتان نے کہاکہ ہم نے کافی محنت کی، مشق بھی کافی کی ہے۔ لیکن کھیل میں اعتماد بھی بہت اہم ہوتا ہے۔ جب آپ اچھا کھیلتے ہو تو ماحول آپ کے حق میں رہتا ہے۔ لیکن پاکستان جیسی ٹیم کے خلاف کھیلنا مشکل ہے۔ وہ جلدی وکٹ نکال لیتے ہیں اور مخالف ٹیم پر دباؤ بنالیتے ہیں ۔ ڈو پلیسس نے کہاکہ عمران طاہر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ٹورنامنٹ کے ہر میچ میں ان کی بولنگ بہترین رہی۔ لیکن صرف عمران طاہر کی کارکردگی سے ہم میچ نہیں جیت سکتے۔ ہمارے لئے ضروری تھا کہ ہم ایک ٹیم کی حیثیت سے کھیلیں۔ ہم ان کی کارکردگی کے مطابق نہیں کھیل سکے۔ میرے لئے سب سے زیادہ مایوسی کی بات یہ ہے کہ ہمارے پاس ٹیم میں بہترین کھلاڑی تھے لیکن ہم اپنی کارکردگی کرنے میں ناکام رہے۔ قابل ذکر ہے کہ جنوبی افریقہ کے سات میچوں میں ایک جیت، پانچ ہار اور ایک منسوخ میچ کے ساتھ تین پوائنٹس ہیں اور وہ پوائنٹس ٹیبل میں فی الحال نویں نمبر پر قابض ہے اور ٹورنامنٹ میں اس کا سفر ختم ہو گیا ہے۔