یوراج عظیم کھلاڑیوں کی میری فہرست میں رہیں گے: کپل

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 13-June-2019

نئی دہلی( آئی این ایس انڈیا ) عظیم کرکٹر اور 1983 کے عالمی کپ فاتح ٹیم کے کپتان کپل دیو نے بدھ کو یہاں کہا کہ وہ جب بھی عظیم کرکٹر کی بھارتی ون ڈے کی ٹیم بنائیں گے تو اس میں آل یوراج سنگھ کو ضرور جگہ ملے گی۔ ہندوستان کی طرف سے ویسٹ انڈیز کے خلاف جون 2017 میں اپنا آخری بین الاقوامی میچ کھیلنے والے یوراج نے پیر کو ممبئی میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا ۔ اپنے 17 سال کے بین الاقوامی کیریئر کے دوران انہوں نے 2007 میں ٹی 20 ورلڈ کپ اور اور 2011 میں ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم میں اہم کردار ادا کیا تھا۔یوراج نے بھارت کی جانب سے 40 ٹیسٹ، 304 ون ڈے اور 58 ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلے ہیں ۔ انہوں نے ٹیسٹ میچوں میں 1900 اور ون ڈے میں 8701 رنز بنائے۔ ٹی 20 بین الاقوامی میں ان کے نام پر 1177 رن درج ہیں۔کپل نے کہا کہ یوراج کمال کے کرکٹر تھے (ہیں) اور میں جب بھی ہندوستان کے عظیم کھلاڑیوں کی ون ڈے ٹیم بناؤں گا تو وہ اس میں ضرور ہوں گے۔ہندوستان کو 1983 میں پہلی بار عالمی چمپئن بنوانے والے اس سابق کپتان نے کہا کہ یوراج کو کرکٹ کے میدان سے الوداعی ملنی چاہیے تھی۔ کپل نے کہا کہ:’ یوراج جیسے کھلاڑی کو کرکٹ کے میدان سے الوداعی ملنی چاہئے تھی، کم از کم میں ایسا دیکھنا چاہتا تھا۔انہوں نے اپنے کھیل سے نوجوانوں کو دیوانہ بنایا تھا، ہمارے ملک کو ایسے ہیرو کی ضرورت ہے جو آنے والی نسلوں کی حوصلہ افزائی کر سکے۔ انہیں پتہ چل سکے کہ یوراج نے اپنی زندگی میں کتنی کٹھنائی جھیلا ہے۔بھارت کے عظیم کپتانوں میں شمار کپل نے کہا کہ:’میں یوراج کو آگے کی زندگی کے لئے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں اور امید کروں گا کہ انہوں نے کرکٹ میں جو کیا اپنی آنے والی زندگی میں اس سے بہتر کریں گے ۔