کھیل

دھونی،جڈیجہ نے ہمیں ڈرا دیا تھا: بولٹ

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-July-2019

مانچسٹر،(یو این آئی) ہندستان کو آئی سی سی عالمی کپ کے سیمی فائنل مقابلے میں شکست دینے کے بعد نیوزی لینڈ کے تیز گیند باز ٹرینٹ بولٹ نے اعتراف کیا کہ مہندر سنگھ دھونی اور رویندر جڈیجہ کے مابین ہوئی شراکت نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ایک وقت تشویش میں ڈال دیا تھا اور انکی شراکت سے میچ میں کچھ بھی ممکن تھا۔بولٹ نے کہا کہ دھونی اور جڈیشجہ نے ہم پر دباو بنا دیا تھا اور دونوں بلے بازوں کے کریز پر رہنے تک میچ میں کچھ بھی ہوسکتا تھا لیکن مجھے خوشی ہے کہ ہم وقت رہتے میچ جیتنے میں کامیاب رہے۔نیوزی لینڈ نے بارش سے متاثر سیمی فائنل میں ہندستان کو 240رن کا ہدف دیا تھا لیکن ہندستانی ٹیم کا ٹاپ آرڈر پوری طرح ناکام رہا اور ا کے چار وکٹ محض 24رن کے اسکور پر ہی گر گئے تھے۔ اس کے بعد ہندستانی اننگز کو وکٹ کیپر بلے باز دھونی اور اسپنر جڈیجہ نے سمجھداری سے کھیلتے ہوئے 116رن کی اہم شراکت کرکے سمنبھالا لیکن آخر میں دونوں اپنے وکٹ گنوا بیٹھے اور ہندستان مقابلہ میں شکست کھا گیا۔میچ میں پہلے کپتان وراٹ اور بعد میں جڈیجہ کا وکٹ لینے والے گیندباز بولٹ نے کہاکہ اس پچ پر نئی گیند کافی سوئنگ کررہی تھی اور ہم ایسی ہی شروعات کرنا چاہتے تھے۔ ہم جانتے تھے کہ ہم بہتر گیندبازی کرکے کسی بھی ٹیم کو پریشانی میں ڈال سکتے ہیں۔ ہم نے اچھی گیند بازی کی اور ہندستان پر دباو بنانے میں کامیاب رہے۔عالمی کپ فائنل کھیلنے کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ ہم لارڈس میں فائنل کھیلنے کے لئے پر جوش ہیں اور ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہمیں اس مقابلے میں کس کے خلاف کھیلنا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی اہل ہے۔

About the author

Taasir Newspaper