کھیل

ٹیم انڈیا کا ورلڈ کپ سے افسوسناک اخراج

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-July-2019

مانچسٹر،(یواین آئی) ٹاپ آرڈر کے بلے بازوں کی ناکامی کی وجہ سے ہندوستان کو آئی سی سی ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل کے ایک اعصاب شکن اور سنسنی خیز مقابلے میں بدھ کو 18 رن کی شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اس کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم عالمی کپ سے باہر ہو گئی۔ہندوستان کی شکست کے ساتھ ہی کروڑوں ہندوستانی شائقین کا خواب ایک جھٹکے میں ٹوٹ گیا۔ بارش سے متاثرہ سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے 50 اوور میں آٹھ وکٹ پر 239 رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا اور اس کا پیچھا کرتے ہوئے ٹیم انڈیا اپنے خراب آغاز سے نکل نہیں پائی۔ رویندر جڈیجہ نے 77 اور مہندر سنگھ دھونی نے 50 رنز بنائے لیکن ان کے آخری اووروں میں آؤٹ ہوتے ہی ہندوستان کی فائنل کی امیدیں ٹوٹ گئیں۔ ہندو ستان نے 49.3 اوور میں 221 رنز بنائے۔ہندوستان مسلسل دوسرے ورلڈ کپ میں سیمی فائنل میں باہر ہوا۔ نیوزی لینڈ نے اس جیت کے ساتھ مسلسل دوسرے عالمی کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ نیوزی لینڈ نے 2015 کے ورلڈ کپ میں سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کو شکست دی تھی۔ٹیم انڈیا لیگ مرحلے میں چوٹی پر رہی تھی اور اس دوران اس کا نیوزی لینڈ کے ساتھ لیگ مقابلہ بارش کی نذر ہوگیا تھا لیکن سیمی فائنل میں بارش کی وجہ سے دو دن تک چلے میچ میں نیوزی لینڈ ہندوستان کو شکست دینے میں کامیاب رہا۔ ہندوستان کی شکست کی سب سے بڑی وجہ اس کے ٹاپ آردڑ کے بلے بازوں کی ناکامی رہی ہے۔ ٹورنامنٹ میں پانچ سنچری بنانے والے روہت شرما ایک، کپتان وراٹ کوہلی ایک اور لوکیش راہل ایک رن بناکر آوٹ ہوئے۔ رشبھ پنت نے 32 اور ہاردک پانڈیا نے 32 رن بنائے اور دونوں ہی بلے بازبڑے شاٹ کھیلنے کی وجہ سے اپنے وکٹ گنوا بیٹھے۔ جڈیجہ نے 59 گیندوں پر چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 77 رن بناکر ہندوستان کی جیت کی امیدیں زندہ رکھیں لیکن 48 ویں اوور میں ان کے آوٹ ہوتے ہی میچ ہاتھ سے جاتا ہوا نظر آنے لگا۔

About the author

Taasir Newspaper