سیاست سیاست

کسانوں کی قابل رحم حالت کیلئے سابقہ حکومتیں ذمہ دار: راجناتھ

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-July-2019

نئی دہلی،(یو این آئی) لوک سبھا میں نائب لیڈر اور وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کسانو ں کے قابل رحم حالت کیلئے سابقہ حکومتوں کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے جمعرات کو کہاکہ گزشتہ پانچ برس میں ملک میں کسان۔خودکشی کے معاملات کم ہوئے ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ زراعت اور کسانوں کی فلاح وبہبود کے وزیرمملکت پرشوتم روپالا نے 9جولائی کو ایک ضمنی سوال کے جواب میں ایوان کو بتایا کہ 2015میں کسان۔ خودکشی کے معاملات بڑھے تھے جبکہ اس کے بعد کے اعداد و شمار حکومت کے پاس دستیاب نہیں ہیں۔کانگریس کے رکن راہل گاندھی کے آج ایوان میں کیرالہ کے کسانوں کا معاملہ اٹھائے جانے پر وزیر دفاع نے اپنے جواب میں کہا کہ جہاں تک کسانوں کی حالت کا سوال ہے، سال دو سال یا چار پانچ سال کے اندر ہی کسانوں کی قابل رحم حالت نہیں ہوئی ہے۔ طویل عرصہ تک جنہوں نے حکومت چلائی ہے وہی لوگ اس کے لئے ذمہ دار ہیں۔وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہاکہ جب سے مودی حکومت اقتدار میں آئی ہے، مسلسل کسانوں کی آمدنی دوگنا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جتنی کم از کم سہارا قیمت اس حکومت نے پانچ برسوں میں بڑھانے کا کام کیا ہے، اتنی 60برس کی تاریخ میں نہیں بڑھی ہے۔ کسان سمان ندھی یوجنا کے تحت ہر کسان کو چھ ہزار روپے فی برس کی رقم دینے کا فیصلہ اس حکومت نے نافذ کیا جس سے ان کی آمدنی 20سے 25فیصد بھی ہے۔ کسانوں کی خودکشی کے معاملہ پر مسٹر سنگھ نے کہاکہ سب سے زیادہ خودکشی اگر کسانوں نے کی ہے تو اس سے پہلے (کی حکومتوں کے دور اقتدار) کی ہیں۔ میں دعوے کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ پانچ برس میں کسان۔خودکشی کے معاملات کم ہوئے ہیں۔

About the author

Taasir Newspaper