کھیل

کیوی ٹیم ذہنی طورپر بہت مضبوط: ولیمسن

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-July-2019

مانچیسٹر،(یوا ین آئی) نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ہندستان کے خلاف عالمی کپ سیمی فائنل میں ملی جیت کے بعد خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ان کی ٹیم ذہنی طورپر بہت مضبوط ہے جس کی بدولت اسے یہ کامیابی ملی ہے۔نیوزی لینڈ نے مسلسل دوسرے عالمی کپ کے فائنل میں داخلہ حاصل کیا ہے۔ کیوی ٹیم نے اولڈ ٹریفرڈ میں بارش سے متاثرہ میچ میں ہندستان کے خلاف دوسرے ریزرو ڈے میں میچ پورا کرتے ہوئے 18رن سے جیت حاصل کی۔ کیوی ٹیم نے اس میچ میں ہندستان کے ٹاپ آرڈر کو فلاپ کردیا اور دسویں اوور تک آتے آتے 24رن پر اس کے چار وکٹ حاصل کرلئے۔ہندستان کیلئے صرف رویندر جڈیجہ (77) اور مہندر سنگھ دھونی (50) نے نصف سنچری اننگز کھیلتے ہوئے جدوجہد کرتے ہوئے امید بنائی لیکن مارٹن گپٹل نے دھونی کو رن آوٹ کرکے آٹھواں اہم وکٹ نکالا اور 221 رن پوری ٹیم سمٹ گئی۔ کیوی کپتان نے جیت کے بعد کہاکہ ہماری ٹیم نے کمال کا جذبہ دکھایا اوربتایا کہ وہ ذہنی طورپرکتنے مضبوط ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم نے گیند سے بہترین شروعات کی اور مضبوطی سے آگے بڑھے۔ ہماری ٹیم سے جیسی کارکردگی کی امید تھی ویسا ہی ہم نے کھیل پیش کیا لیکن ہندستانی ٹیم بھی شاندار ٹیم ہے اور 20رن پر چار وکٹ گنوانے کے بعد بھی انہوں نے بہترین واپسی کی۔ ایک وقت گیم صحیح سمت میں جارہا تھا لیکن ہم کم فرق سے جیتے۔ ولیمسن نے ہندستانی ٹیم کے کھلاڑیوں خاص طورپر جڈیجہ اور دھونی کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح جڈیجہ اور دھونی نے گیند کو ہٹ کیا ا سے وہ ایک وقت پر میچ جیتنے کے قریب پہنچ گئے تھے لیکن وہاں ہمارے فیلڈروں نے کمال کا کھیل دکھایا۔ مارٹن نے دھونی کو جب رن آوٹ کیا تو وہ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ رہا۔نیوزی لینڈ کے لئے فائنل میں پہنچنا اس لئے بھی اہم ہے کیونکہ ٹیم نے ناک آوٹ میں پاکستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ سے گروپ مرحلہ میں شکست کھائی تھی اور مشکل سے ٹاپ چار میں رہ کر سیمی فائنل میں جگہ بنا سکی۔

About the author

Taasir Newspaper