ایران کے ساتھ تناؤ میں کمی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے : جاپان

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 23-July-2019

ٹوکیو ،جاپانی وزیراعظم شنزو آبے کا کہنا ہے کہ ان کا ملک امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی ختم کرنے کے لیے حتی الامکان کوشش کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔شنزو کا یہ بیان ایسے موقع پر آیا ہے جب امریکا کی جانب سے جاپان کے لیے یہ مطالبہ متوقع ہے کہ ٹوکیو ایران کے مقابل تزویراتی سمندری علاقے میں پہرے کے لیے اپنی بحری فورسز بھیجے۔جاپانی میڈیا کے مطابق ایران اور یمن کے مقابل مشرق وسطی میں تیل کی شپمنٹ کی آبی گزر گاہوں کی نگرانی سخت کرنے کے حوالے سے امریکی تجویز … امریکی قومی سلامتی مشیر جان بولٹن کے رواں ہفتے ٹوکیو کے دورے کے ایجنڈے میں شامل ہو سکتی ہے۔شنزو نے مزید کہا کہ “ہماری ایران کے ساتھ دوستی کی طویل تاریخ ہے۔ میں اس کے صدر اور دیگر رہ نماؤں سے ایک سے زیادہ بار ملاقات کر چکا ہوں”۔جاپانی وزیراعظم کے مطابق کسی بھی آئندہ اقدام کا فیصلہ کرنے سے قبل ان کا ملک چاہتا ہے کہ ایران اور امریکا کے بیچ تناؤ میں سکون لانے کے لیے تمام تر کوششیں بروئے کار لائے۔