جاپان میں اینی میشن اسٹوڈیو پر حملہ، 24 افراد ہلاک

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 19-July-2019

ٹوکیو،جاپان میں فلمیں اور ٹی وی شوز بنانے والے ایک اینی میشن اسٹوڈیو پر آتش گیر مادے سے حملے میں 24 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔خبر وںکے مطابق جاپان کے شہر کیوٹو کے اینی میشن اسٹوڈیو میں جمعرات کو ایک شخص نے آتش گیر مادے سے حملہ کیا جس سے عمارت میں آگ بھڑک اٹھی۔آگ بجھانے کا عمل کئی گھںٹوں تک جاری رہا جس کے بعد ریسکیو اہلکاروں نے عمارت میں داخل ہو کر لاشوں اور زخمیوں کو نکالا۔خبروں کے مطابق ریسکیو ذرائع نے کو بتایا ہے کہ بیشتر لاشیں عمارت کی دوسری منزل اور چھت پر جانے والی سیڑھیوں سے برآمد ہوئیں۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں 35 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 10 کی حالت نازک ہے۔ مقامی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ عمارت میں آگ لگنے کے وقت 70 افراد موجود تھے۔کیوٹو کی پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ایک شخص نے اسٹوڈیو کی عمارت میں داخل ہو کر آتش گیر مادہ پھینکا جس سے آگ لگ گئی۔ ترجمان نے کہا کہ پولیس آگ لگنے کے واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔جاپان کے مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور بھی آگ کی زد میں آ کر زخمی ہوا ہے جو اب اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔واقعے کے ایک عینی شاہد نے مقامی میڈیا کو بتایا ہے کہ اس نے دو زور دار دھماکوں کی آوازیں سنیں اور عمارت میں آگ بھڑکتے ہوئے دیکھی۔واضح رہے کہ اسٹوڈیو اینی میشن پر مبنی ٹی وی شوز بناتا تھا۔ اسٹوڈیو کی انتظامیہ نے آگ لگنے کے واقعے پر اب تک کوئی مؤقف نہیں دیا۔خبروںکے مطابق اسٹوڈیو کی مالک کمپنی کے ہیڈ آفس کا کہنا ہے کہ وہ جاننے اور سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اسٹوڈیو میں کیا ہوا۔واضح رہے کہ جاپان میں جرائم کی شرح کافی کم ہے اور اسے ایک پْرامن ملک سمجھا جاتا ہے۔جاپان میں بیشتر عمارتیں لکڑی سے بنائی جاتی ہیں اور اسی لیے جاپان میں جان بوجھ کر آگ لگانا سنگین جْرم سمجھا جاتا ہے۔ جان بوجھ کر آگ لگانے کی سزا موت بھی ہو سکتی ہے۔سال 2008 میں بھی جاپان میں آگ لگانے کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جس میں 16 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس واقعے کے مجرم کو بعد ازاں ایک عدالت نے سزائے موت سنائی تھی۔