جمعیۃ علماء ہند کی صد سالہ تقریبات کی تیاریوں کے سلسلے میں مشاورتی میٹنگ کا انعقاد

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-July-2019

نئی دہلی ۔(پریس ریلیز)جمعیۃ علماء ہند کی صد سالہ تقریبات کی تیاریوں کے سلسلے میں آج مدنی ہال دفتر جمعیۃ علماء ہند میں ایک اہم مشاورتی میٹنگ منعقدہوئی جس کی صدارت امیر الہند مولانا قاری محمد عثمان منصورپوری صدر جمعیۃ علماء ہند نے کی ۔ میٹنگ میں تنظیم کے سبھی ریاستوں کے صدور و نظماء شریک ہوئے جنھوں نے جمعیۃ کے سوسال مکمل ہونے پر جاری صدسالہ تقریبات کا جائزہ لیا اورآیندہ منعقد ہونے والے پروگراموں کو بااثر اور پیغام رساں بنانے کے لائحہ عمل پر غور وخوض کیا، بالخصوص دیوبند میں منعقد ہونے والے عظیم ا لشان صدسالہ اجلاس سے متعلق کئی امور زیر بحث آئے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا محمود مدنی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کی سوسالہ تاریخ، ملت اسلامیہ ہند کی تاریخ ہے جس سے نہ صرف ہماری جہد وجہد ، قربانیاں اور حصولیابیاں وابستہ ہیں بلکہ نسل نو کے لیے اس میں رہ نمائی کے اسباب بھی ہیں ۔ اس لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ صدسالہ تقریبات اور پروگراموں کو ضلعی و ریاستی سطح پر بھی منعقد کیا جائے اور جمعیۃ علماء ہند کے اکابر پر مزید سیمینار اور کانفرنس منعقد کرکے جمعیۃ کے پیغام کو عام کیا جائے ۔چنانچہ غور و خوض کے بعد طے ہوا کہ دیوبند میں عظیم الشان صدسالہ اجلاس ۲۰، ۲۱، ۲۲؍نومبر ۲۰۲۰ء کو منعقد کیا جائے اور اس سے پہلے تمام صوبائی جمعیتیں اپنے اپنے علاقوں میں جمعیۃ سے وابستہ شخصیات پر سیمینار یاپروگرام منعقد کریں۔دوسری طرف جہاں جمعیۃ علماء ہند کے زیر اہتمام اکابر جمعیۃ پر سیمیناروں کا سلسلہ جاری ہے ، وہیں یہ بھی فیصلہ کیاگیا کہ اکابر پر ڈاکیومنٹری بھی تیار کرائی جائے ۔جہاں تک سیمینار کا تعلق ہے تو ۲۷۔۲۸؍جولائی ۲۰۱۹ء کو دہلی میں حضرت مولانا احمد سعید دہلوی ؒ سابق صدر جمعیۃ علماء ہند اور مولانا حفظ الرحمن سیوہاروی ؒ سابق ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند کی خدمات پر سیمینار منعقد ہورہاہے ، اس کے علاوہ ۲۱؍۲۲؍ستمبر ۲۰۱۹ء کو حضرت مولانا عبدالباری فرنگی محلی ؒ بانی جمعیۃعلماء ہند، حضرت مولانا مفتی کفایت اللہ ؒ سابق صدر جمعیۃ علماء ہند ، حضرت علامہ سید فخرالدین مرادآبادی ؒسابق جمعیۃ علماء ہند کی خدمات پرسیمینار منعقد ہوگا ۔ میٹنگ میں یہ تجویز آئی کہ حضرت شیخ الہند مولانا محمودحسن دیوبندی ؒ ، حضرت شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنی ؒ، حضرت مولانا ثناء اللہ امرتسریؒ ، حضرت مولانا عبدالوہاب آرویؒ اور فدائے ملت حضرت مولانا اسعد مدنی ؒ پر ایک کانفرنس دہلی میں ماہ نومبر میں منعقد کی جائے ، نیز حضرت علامہ شاہ معین الدین اجمیری ؒ سابق نائب صدر جمعیۃ علماء ہند پر اجمیر شریف میں سیمینار منعقد کیا جائے ۔میٹنگ میں صدسالہ اجلاس کو کامیاب بنانے کیلئے بھی کئی فیصلے لیے گئے، بالخصوص فراہمی مالیات کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے کنوینر مولانا ندیم صدیقی مہاراشٹرا ہوں گے۔کمیٹی میں مولانا بدرالدین اجمل قاسمی ، مولانا صدیق اللہ چودھری ، حاجی محمد ہا رون بھوپال، مفتی محمد سلمان منصورپوری ، مولانا رفیق احمد بڑودوی ، مفتی احمد دیولہ شامل ہیں ۔ یہ بھی طے ہوا کہ مولانا حکیم الدین قاسمی صدسالہ اجلاس کے معان کنوینر ہوں گے اور دیوبند میں صدسالہ رابطہ دفتر بھی قائم ہوگا ۔واضح ہو کہ مفتی محمد عفان منصوری صدسالہ اجلاس کے کنوینر ہیں ۔میٹنگ میں اس کے علاوہ ملک کے موجودہ حالات بالخصوص ماب لنچنگ جیسے انسانیت سوز واقعات بھی زیر بحث رہے۔ فرقہ پرست عناصر جس طرح سے خوف اور نفرت کا ماحول پیداکرنے کی کوشش کررہے ہیں ،اس نے ملک کی شناخت کو بری طرح سے متاثر کیا ہے ،یہ محسوس کیا جارہا ہے کہ اقلیتوں کا ایک بڑا طبقہ اضطراب اور بے چینی میں مبتلا ہے۔ایسے حالات میں جمعیۃ علماء ہند اس امرکو ضروری سمجھتی ہے کہ وہ اتحاد و یک جہتی ، امن وآشتی اور بھائی چارہ کو فروغ دینے کے لیے اپنی روایت کے مطابق میدان عمل میں سرگرم ہواور انصاف پسند وبااثر برادران وطن کے سا تھ مل کراعتماد کی فضا قائم کی جائے ۔ اسی مقصد کے تحت ۴؍اگست ۲۰۱۹ء کو دہلی میں امن وایکتا سمیلن کے انعقاد کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔ اس سے قبل ۳؍اگست کو دہلی میں مجلس عاملہ جمعیۃ علماء ہند کا اجلاس ہو گا ۔یہ بھی طے ہوا کہ نہ صرف دہلی میں بلکہ ممبئی ، اورنگ آباد، بھوپال، جے پور ، لکھنو، دہرادون ، پٹنہ سمیت بڑے شہروں میں یہ سمیلن منعقد کیے جائیں گے ۔