حکومت نئی تعلیمی پالیسی میں معذوروں کا خصوصی خیال رکھے: نائیڈو

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-July-2019

نئی دہلی‘(یو این آئی) نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو نے امید ظاہر کی ہے کہ نئی تعلیمی پالیسی تیار کرتے وقت حکومت معذوروں کے سلسلے میں یونیسکو کی رپورٹ کو پیش نظر رکھے گی۔مسٹر نائیڈو نے یونیسکو کے ڈائریکٹر ایرک فالٹ کی قیادت میں ان سے ملاقات کے لئے آئے ایک وفد سے یہ بات کہی۔ مسٹر فالٹ نے مسٹر نائیڈو کو یونیسکو کی معذوروں کی تعلیم کے متعلق ہندوستان کی صورت حال کے بارے میں ایک رپورٹ پیش کی۔ نائب صدر نے کہا کہ یونیسکو کی رپورٹ صحیح وقت پر آئی ہے۔ خیال رہے کہ ہندوستان میں نئی تعلیمی پالیسی تیار کی جارہی ہے۔ اس رپورٹ سے نئی تعلیی پالیسی تیار کرتے وقت مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس رپورٹ کے مشوروں کو دھیان میں رکھتے ہوئے پالیسی تیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تعلیم کو شمولیتی بنایا جارہاہے اور معذور طلبہ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستا ن دنیا کی بہترین تعلیمی پالیسیوں اور روایات کو اپناتا رہا ہے۔