دھونی بہتر جانتے ہیں کہ انہیں ریٹائرمنٹ کب لینا ہے: پرساد

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 22-July-2019

ممبئی،(یو این آئی ) ہندوستانی چیف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد نے ویسٹ انڈیز کے دورے کے لئے اتوار کو ہندستانی ٹیموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ مکمل طور پر ذاتی ہوتا ہے اور مہندر سنگھ دھونی جیسے آئیکن جانتے ہیں کہ انہیں کب ریٹائرمنٹ لینا ہے ۔دھونی نے اگلے ماہ ہونے والے ویسٹ انڈیز کے دورے سے خود کو الگ کر لیا تھا اور اس بارے میں انہوں نے ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ کو مطلع کر دیا تھا۔ وہ اب شاید سیاچن میں فوج کے ساتھ ٹریننگ کر سکتے ہیں۔ دھونی علاقائی فوج کی پیراشوٹ ریجمنٹ میں اعزازی لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر ہیں۔ویسٹ انڈیز کے دورے کے لئے ٹیم کے اعلان کے لئے منعقد پریس کانفرنس میں پرساد نے دھونی کے حوالہ سے کہاکہ ریٹائرمنٹ مکمل طور ایک کھلاڑی کا اپنا فیصلہ ہے۔ دھونی جیسے آئیکن جانتے ہیں کہ انہیں ریٹائرمنٹ کب لینا ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ اس معاملے پر اور بات کرنے کی ضرورت ہے۔ پہلی بات تو یہ ہے کہ وہ دستیاب نہیں ہیں اور دوسرا ہم نے نوجوان کھلاڑیوں کو تیار کرنا شروع کر دیا ہے۔ پرساد نے ساتھ ہی کہاکہ ہم نے ٹوئنٹی -20 ورلڈ کپ کی تیاریوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے ٹیم چنی ہے۔ ہم رشبھ پنت کو اور موقع دینا چاہتے ہیں۔ فی الحال، ہمارا یہی منصوبہ ہے۔ ورلڈ کپ 2019 تک دھونی کو لے کر ہمارے مختلف پلان تھے اور اب ورلڈ کپ کے بعد ہم چاہتے ہیں کہ پنت جیسے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع ملے۔ یہ پوچھنے پر کہ کیا دھونی نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ کھیل لیا ہے اور کیا وہ آگے بھی کھیلنا جاری رکھیں گے، پرساد نے کہاکہ میں اس سوال کا جواب نہیں دے سکتا۔ یہ فیصلہ ابھی دھونی کو کرنا ہے۔ دھونی سے متعلق مزید بحث کے تعلق سے پرساد نے تسلیم کیا کہ دھونی کے ساتھ ان کی اس پر بات ہوئی تھی۔38 سال کے دھونی نے ابھی تک یہ بھی واضح نہیں کیا ہے کہ وہ ریٹائرمنٹ کب لیں گے۔