زخمی کھلاڑیوں سے آسٹریلیا کو نقصان: پونٹنگ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 10-July-2019

لندن،(یو این آئی ) آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ رکی پونٹنگ نے کہا ہے کہ ٹیم کے آخری گروپ میچ میں شکست اور کھلاڑیوں کی انجری کی وجہ سے اسے انگلینڈ کے خلاف اپنے سیمی فائنل مقابلے میں نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔گزشتہ چمپئن آسٹریلیا کو اپنے آخری گروپ میچ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس وجہ سے وہ ٹیبل میں پھسل کر دوسرے نمبر پر آ گئی تھی اور ہندستانی ٹیم ٹاپ پر پہنچ گئی۔ وہیں ٹیم کے کھلاڑیوں عثمان خواجہ کو ہیمسٹرنگ اور مارکس ا سٹوئنس کو چوٹ لگ گئی جس سے ان کی جگہ اب ٹیم میں میتھیو ویڈ اور مشیل مارش کو آسٹریلیا اے دورے سے زخمی کھلاڑیوں کے کوور کے طور پر بلایا گیا ہے۔شان مارش نیٹ سیشن میں زخمی ہوکر پہلے ہی ٹیم سے باہر ہو چکے ہیں۔ گزشتہ چمپئن آسٹریلیا کو جمعرات کو میزبان انگلینڈ سے دوسرے سیمی فائنل میں کھیلنا ہے اور اس سے پہلے کھلاڑیوں کی انجری نے اس کے لئےسردرد بڑھا دیا ہے۔ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ پونٹنگ نے موجودہ صورتحال پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ عالمی کپ میں ایسا ہونا نئی بات نہیں ہے۔ لیکن سیمی فائنل سے ٹھیک پہلے آخری گروپ میچ میں یہ ہونا الگ ہے۔ اگر سچ کہیں تو یہ اچھی صورت حال نہیں ہے خاص طور پر آپ کئی تبدیلیوں کے ساتھ عالمی کپ کے سیمی فائنل میں نہیں اترنا چاہتے۔ سابق آسٹریلوی کپتان نے کہاکہ یہ کوچز پر منحصر ہے کہ وہ آنے والے نئے کھلاڑیوں کے لئے پوزیشن آسان بنائیں، موجودہ صورت حال میں مکمل توجہ کھلاڑیوں کو کھل کر کھیلنے پر لگی ہے۔ تاہم پونٹنگ نے مانا کہ آسٹریلیا ٹورنامنٹ کی بہترین ٹیموں میں شامل رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے ٹورنامنٹ میں انگلینڈ کو شکست دی ہے۔ یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ ٹورنامنٹ میں ہم مختلف ٹیم کی طرح کھیلے ہیں۔ آخری گروپ میچ ہارنا مناسب تو نہیں ہے لیکن ہم سیمی فائنل میں کھیل رہے ہیں۔ ہمارے لئے یہ غلطیاں سدھارنے کا موقع ہو سکتا ہے اور نئے سرے سے ہم نئی شروعات کریں گے۔ ہمیں اس سے اور بہتر بننے میں مدد مل سکتی ہے۔پونٹنگ نے کہا کہ آسٹریلیا کے لیے اب سیمی فائنل میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ضروری ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ آسٹریلیا کی ترجیح ٹورنامنٹ کے آغاز میں بہتر کرنا تھا۔ ہم نے اس بارے میں بات کی تھی اور اچھی کرکٹ کھیل رہے تھے۔ ابھی تک ہم نے ٹورنامنٹ میں بہت اچھا کھیلا ہے۔ لیکن جنوبی افریقہ کے خلاف ہم نے ویسا نہیں کھیلا۔