صرافہ تاجر کے گھرمیں پڑا ڈاکہ،لاکھوں کی لوٹ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-July-2019

دربھنگہ،(عبدالمتین قاسمی )لہریاسرائے تھانہ حلقہ کے محلہ باقر گنج واقع جے شری گنیش جویلریس کے مالک کے گھر میں داخل ہو کر ڈاکوؤں نے بڑی مقدار میں سونا چاندی اور نقد دیڑھ لاکھ روپئے لوٹ کر فرار ہوگئے ۔ واردات بدھ کی صبح 7:25بجے کی ہے ۔ مکان مالکن پریما لوہیا نے بتایا کہ وہ مکان کے پہلی منزل پر رہتی ہے ۔ روزکی طرح صبح نیچے کا دروازہ کھول کر اوپر کمرہ میں شوہر سنجے کمار لوہیا اور بیٹی اننیا لوہیا کے ساتھ بیٹھ کر چائے پی رہی تھی کہ اسی دوران بیس سے پچیس سال کی عمر کے پانچ چھ نوجوان گھر میں گھس گئے ،تمام اپنے چہرے کو ڈھکے ہوئے تھے ۔ اطلاع کے مطابق گھر میں داخل ہوتے ہی لٹیروں نے پریما لوہیا کو ہی قیدی بنا لیا اور الماری کی چابھی مانگنی شروع کی ، جب دینے سے انکار کیا تو جرائم پیشوں نے ریوالور کی بٹ سے پریما لوہیا کے سر پر وار کردیا ۔ پریما لوہیا اور اس کے شوہر سنجے لوہیا نے ڈر سے چابھی انہیں سونپ دی ۔جس کے بعد جرائم پیشوں نے گھر کا ساراسامان بکھیر تے ہوئے بکس میں رکھے سونے چاندی کے زیورات اور الماری میں موجود ڈیڑ ھ لاکھ روپئے نقد لے کر فرار ہوگئے ۔ گھر کے اندر جرائم پیشوں نے ایک راؤنڈ گولی بھی چلائی ۔ جاتے وقت جرائم پیشوں نے گھر کا دروازہ باہر سے بند کردیا تاکہ وہ لوگ شور نہ مچا سکیں ۔ جے شری گنیش جویلرس سونا چاندی کو گروی رکھنے کا کام کرتے ہیں ۔ اندازہ لگایا جارہا ہے کہ 6-7 کیلو سونا چاندی کے زیور تھے ۔ جرائم پیشوں کو یہ خبر تھی کہ گروی لینے کا کارو بار سنجے کمارلوہیا کی بیوی پریما لوہیا ہی کرتی ہے ۔ اس لئے پہلے اسی کو قیدی بنایااور اسی سے الماری کی چابھی مانگ رہے تھے ۔ قیاس لگایا جارہا ہے کہ اس واردات کو انجام دینے کیلئے تقریبا ۱۰؍ افراد گروپ کی شکل میں پہنچے تھے ۔ گھر میں گھسنے والے تمام پانچ چھ جرائم پیشوں کی پیٹھ پر اسکولی بیگ تھا ۔ موقع پر پہنچ کر ایس ایس پی بابو نے ہر پہلو سے تحقیقات کی ہے ۔ گھر کے تینوں افراد سے الگ الگ پوچھ گچھ کرکے جانکاری حاصل کی ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ جلد ہی جرائم پیشے پولیس کی گرفت میں ہوں گے ۔ موقع پر پہنچے سیٹی ایس پی یوگندر کمار اور ایس ڈی پی او انوج کمار ، لہریاسرائے تھانہ انچارج آ رکے شرما کو گھر کے سامنے دکان میں لگی سی سی ٹی وی فوٹیج کو کھنگالنے کی ہدایت دی ہے ۔ ساتھ ہی ضلع میں تمام تھانوں کو ناکہ بندی کرکے جانچ پڑتال کرکے کا حکم دیا ہے ۔ پریما ہولیا نے بتایا کہ کتنے سونا چاندی کی لوٹ ہوئی ہے یہ ابھی نہیں کہہ سکتی کیونکہ تمام زیورات کو ایک جگہ اندازہ لگانے کیلئے ہی اکٹھا کی تھی، لیکن اس سے قبل ہی لوٹ ہوگئی ۔ تمام جرائم پیشے اپنا عرفی نام اے سے ای رکھے ہوئے تھے ۔