فائنل کاٹکٹ کٹانے اترے گی ٹیم انڈیا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 09-July-2019

مانچسٹر،(یو این آئی ) کروڑوں ہندوستانیوں کی توقعات پر کھرا اترنے کی ذمہ دارای کے ساتھ وراٹ اینڈ کمپنی منگل کو آئی سی سی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف خطابی مقابلے کا ٹکٹ حاصل کرنے اترے گی۔دو بار کی چمپئن ہندستانی ٹیم عالمی کپ کی تاریخ میں پہلی بار سیمی فائنل مقابلے میں نیوزی لینڈ سے کھیلے گي جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں کرکٹ تاریخ کے دو روایتی حریفوں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ہندستان وراٹ کی کپتانی میں پہلی بار آئي سي سي عالمی کپ میں اتر رہا ہے اور اس کی کارکردگی لاجواب رہی ہے۔ گروپ مرحلے میں ٹیم نے صرف ایک میچ ہارا تھا اور وہ آخری گروپ میچ میں سری لنکا پر سات وکٹ کی جیت اور جنوبی افریقہ کی آسٹریلیا پر 10 رنز کی دلچسپ فتح کے سبب ٹیبل میں سب سے اوپر رہا ہے۔وہیں آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بھی ہندستانی ٹیم ٹاپ پر ہے اور اس موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے امید ہے کہ وراٹ اینڈ کمپنی ورلڈ کپ -2019 میں چمپئن بن کر لوٹے گی۔ یہ 12 واں ورلڈ کپ ہے اور یہ پہلا موقع ہے جب ہندستانی ٹیم سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ سے کھیلے گی۔ ہندستان کا اس عالمی کپ میں لیگ راؤنڈ میں نیوزی لینڈ کے ساتھ مقابلہ بارش کی وجہ سے منسوخ ہو گیا تھا اس طرح دونوں ٹیمیں میدان پر پہلی بار آمنے سامنے ہوں گی اور میچ بھی سیمی فائنل کا ہوگا۔ہندستان عالمی کپ کے سیمی فائنل میں ساتویں بار پہنچا ہے جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم آٹھویں بار سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔ کین ولیم کی کپتانی میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھی ورلڈ کپ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن ایک وقت گروپ مرحلے میں سب سے اوپر رہنے کے بعد وہ پٹری سے اتر کر تال کھو بیٹھی۔ بالآخر اس نے چوتھے نمبر پر رہ کر 11 پوائنٹس کے ساتھ آخری چار میں جگہ بنائی۔ ٹیم کے لئے راحت کی بات رہی کہ پاکستانی ٹیم اس سے رن ریٹ میں پچھڑ گئی جس کے یکساں 11 پوائنٹس تھے۔ہندستانی ٹیم نے اپنے گروپ مرحلے میں آل راؤنڈ کھیل کا مظاہرہ کیا ہے اور موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے اس کا پلڑا کیوی ٹیم پر بھاری کہا جا سکتا ہے، لیکن دونوں ٹیمیں عالمی کپ میں پہلی بار ایک دوسرے سے کھیل رہی ہیں ایسے میں اولڈ ٹریفورڈ میں ہونے والے اس مقابلے میں کسی کو کم نہیں سمجھا جا سکتا ہے۔ٹیم انڈیا کے کھلاڑیوں نے انفرادی طور پر ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ بطور ٹیم متحد ہوکر وہ مضبوط ترین مانی جاتی ہے۔ اگرچہ نمبر چار کے آرڈرکو لے کر اسے عالمی کپ میں بھی کافی پریشانی ہوئی، وہیں مڈل آرڈر میں اسے تھوڑی اور احتیاط برتنی ہوگی۔ ٹیم کے بڑے اسکوررز میں اس کے اوپنر روہت شرما اور وراٹ کوہلی کی جوڑی ہے۔ روہت نے آٹھ میچوں میں 92.42 کی اوسط سے پانچ سنچری سمیت 647 رن بنائے ہیں اور ایک ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ سنچری بنانے والے پہلے بلے باز بھی بن گئے ہیں۔