ٹیچر کی ملازمت انوکمپا پر لینے کیلئے وارث کو ٹی ای ٹی پاس ہونا ضروری : وزیر تعلیم

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-July-2019

پٹنہ: ریاستی حکومت نے ایک بار پھر واضح کر دیاہے کہ بغیر ٹی ای ٹی پاس وارث کو انوکمپا کی بنیاد پر ٹیچر کی نوکری نہیں ملے گی۔ اگر کسی ٹیچر کی ملازمت کے دوران موت ہوگئی ہے تو انوکمپا کی بنیاد پر وارث نوکری لینے کیلئے ٹی ای ٹی پاس کرنا ہوگا۔ آج اسمبلی میں آر جے ڈی کے عبدالغفور نے یہ معاملہ اٹھایا کہ اب ملازمت میں ٹیچر کی موت ہوجانے پر وارث کو انوکمپا کی بنیاد پر ملازمت نہیں دی جارہی ہے۔ اب وارثین کیلئے بھی ٹی ای ٹی پاس کرنا لازمی کردیاگیا ہے۔ جس کی وجہ سے وارثین کو کوئی فائدہ نہیں مل رہا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب کلرک کے وارث کو کلرک کی نوکری مل سکتی ہے تو ٹیچر کے وارث کو ٹیچر کی نوکری کیوں نہیں مل رہی ہے۔ سوال کاجواب دیتے ہوئے وزیر تعلیم کرشن نندن پرساد ورما نے واضح کر دیا کہ کورٹ کے حکم کے بعد اب بغیر ٹی ای ٹی پاس امیدوار کو انوکمپا کی بنیاد پر بھی ٹیچر کے عہدے پر بحال نہیں کیاجاسکتا ہے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی واضح کر دیا کہ آئندہ اس ضابطے میں کوئی تبدیلی کی تجویز حکومت کےپاس زیر غور نہیں ہے۔اسی درمیان اسمبلی اسپیکر نے یہ کہا کہ انوکمپا پر ٹیچر کی نوکری نہیں مل سکتی ہے لیکن فورتھ گریڈ کے عہدے پر تو بحالی ہو ہی سکتی ہے۔