Taasir Urdu News Network | Uploaded on 19-July-2019
لکھنؤ :کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کو پولس نے مرزا پور واقع نارائن پور میں اس وقت روک لیا جب وہ سون بھدر جا رہی تھیں۔ دراصل پرینکا گاندھی سون بھدر میں اراضی تنازعہ کے دوران 17 جولائی کو ہوئی فائرنگ میں ہلاک شدگان کے گھر والوں سے ملنے کے لیے جا رہی تھیں جب انھیں نارائن پور پولس چوکی کے پاس روک لیا گیا۔ یوگی کی پولس کے اس قدم سے ناراض پرینکا اپنے حامیوں کے ساتھ وہیں دھرنے پر بیٹھ گئیں جس کے بعد پولس نے انھیں حراست میں لے لیا اور گاڑی سے کسی دوسری جگہ کے لیے روانہ ہو گئے۔ اس درمیان میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ مجھے کہاں لے جایا جا رہا ہے یہ معلوم نہیں لیکن میں ان کے ساتھ جا رہی ہوں۔