ڈی راجہ سی پی آئی کے جنرل سکریٹر ی بنے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 22-July-2019

نئی دہلی،(یو این آئی) معروف بائیں بازو کے لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن ڈی راجہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی)کے جنرل سکریٹری بنائے گئے ہیں۔ وہ مسٹر سدھاکر ریڈی کی جگہ لیں گے جنہوں نے صحت اسباب سے اپنا عہدہ چھوڑ دیا ہے۔تملناڈو میں ویلور کے چتور میں تین جون 1949کو پیدا ہوئے ڈاکٹر راجہ دلت لیڈر ہیں جو پارٹی کے جنرل سکریٹری بنے ہیں۔ وہ غیرمنقسم سی پی آئی کے نویں جنرل سکریٹری ہیں۔ ان سے پہلے مسٹر پی سی جوشی (بانی جنرل سکریٹری)، اجے گھوش، بی ٹی رن دیوے، ای ایس نمبری پاد، سی راجیشور راو، اندرجیت گپت، اے بھی بردھن اور سدھاکر ریڈی پارٹی کے جنرل سکریٹری رہے۔ پارٹی کی تقسیم کے بعد داکٹر راجہ پانچویں جنرل سکریٹری ہیں۔پارٹی کے سبکدوش ہونے والے جنرل سکریٹری سدھاکر ریڈی نے قومی کونسل کی تین روزہ میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ ڈاکٹر راجہ کے نام پر قومی کونسل نے مہر لگا دی ہے۔ اس کے علاوہ طلبا لیڈر کنہیا کمار سمیت تین نوجوان لیڈروں کو قومی مجلس عاملہ میں شامل کیا گیا ہے۔ مسٹر کمار پارٹی کے سینئر لیڈر شمیم فیضی کے حال ہی میں انتقال کے سبب خالی ہوئی جگہ پر مجلس عاملہ میں شامل کئے گئے ہیں۔ ان کے علاوہ اوڈیشہ کے کامریڈ رام کرشن پانڈا اور اکھل بھارتیہ آدیواسی مہاسبھا کے لیڈر منیش کونجن کو خصوصی نمائندہ کے طورپر مجلس عاملہ کا رکن بنایا گیا ہے۔ مسٹر کونجن چھتیس گڑھ کے رکن اسمبلی بھی رہے ہیں۔قومی کونسل کی میٹنگ میں 11قراردادیں منظور کی گئیں جن میں ریلوے کے پرائیویٹائزیشن کے علاوہ آرڈی ننس فیکٹریوں کے پرائیویٹائزیشن کی مخالفت کی گئی۔ اس کے علاوہ حق اطلاعات قانون میں ترمیم کی بھی مخالفت کی گئی۔