کشمیر مسئلہ پر مودی اور عمران متحد ہو کرپہل کریں: فاروق

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 24-July-2019

اجمیر،(یو این آئی) جموں وکشمیر کے سابق وزیراعلی ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کشمیر مسئلہ پر وزیراعظم نریندر مودی کی کوشش کو بہتر قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس پر مسٹر مودی اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو متحد ہوکر پہل کرنی چاہئے۔مسٹر عبداللہ نے صوفی سنت خواجہ معین الدین حسن چشتی کی درگاہ پر زیارت کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر مودی کی کہی باتوں کو صحیح قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کشمیر مسئلہ پر مسٹر مودی اور مسٹرخان سے پہل کرنے کی گزارش کی۔ انہوں نے کہاکہ دونوں مل کراگر اس مسئلہ پر پہل کرتے ہیں تو اس کا خیرمقدم ہے کیونکہ وہاں پھیل رہی نفرت وطن کے لئے خطرہ ہے جہاں تک حملوں کی بات ہے دنیا میں بندوقیں کہاں نہیں چل رہیں۔ لیکن ہمیں امن کی کوشش کرنی چاہئے۔گورنر ست پال ملک کے ایک متنازعہ بیان پر انہوں نے کہاکہ ستپال ملک کا کام نفرت پھیلانا نہیں ہے بلکہ تال میل قائم کرکے ریاست میں امن قائم کرنا ہے۔