کے کے آر کے کوچ کے عہدے سے ہٹے کیلس اور کیٹچ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-July-2019

کولکتہ،(یو این آئی ) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی دو بار کی فاتح ٹیم کولکاتا نائٹ رائڈرس (کے کے آر ) کے کوچ جیکس کیلس اور اسسٹنٹ کوچ سائمن کیٹیچ اپنے عہدوں سے ہٹ گئے ہیں۔جنوبی افریقہ کے سابق آل راؤنڈر کیلس کے کے آر سے کافی وقت سے جڑے ہوئے تھے۔ انہیں اس ٹیم میں کھلاڑی کے طور پر شامل کیا گیا تھا اس کے بعد انہیں ٹریور بےلس کی جگہ اکتوبر 2015 میں ٹیم کا کوچ بنایا گیا تھا جبکہ کیٹیچ کو اسسٹنٹ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔ کے کے آر کے کوچ کے عہدے سے ہٹنے کے بعد کیلس کا ٹیم کے ساتھ نو سال پرانا رشتہ اب ختم ہو گیا ہے۔کیلس کے کوچ کی مدت کے دوران کے کے آر تین بار ٹورنامنٹ کے پلے آف تک پہنچا لیکن خطاب جیتنے میں ناکام رہا تھا۔ کوچ کیلس اور اسسٹنٹ کوچ کیٹچ کی قیادت میں ٹیم نے 61 میچوں میں سے 32 مقابلے جیتے اور ٹیم کی جیت کی اوسط 50 فیصد سے بھی زیادہ رہی۔ اگرچہ کے کے آر 2014 کے بعد سے ابھی تک آئی پی ایل کا کپ جیتنے میں ناکام رہا ہے۔کے کے آر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وینکي میسور نے اگرچہ کہا ہے کہ کیلس ٹیم کے ساتھ منسلک رہیں گے۔ میسور نے کہاکہ کیلس کے کے آر کے اہم رکن ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ ہم کیلس کی ذمہ داری تبدیل کر رہے ہیں اور کے کے آر کو گلوبل برانڈ بنانے کے اپنے مقصد کو پورا کرنے کے لئے ہمیں کیلس کے ساتھ کی ضرورت ہے۔کیلس نے بھی بیان جاری کرکے کہاکہ کے کے آر کے ساتھ نو سال کا طویل سفر طے کیا۔ پہلے کھلاڑی کے طور پر پھر مینٹر اور آخر میں چیف کوچ کا کردار ادا کیا۔ لیکن اب نئے مواقع کا وقت ہے۔ میں ٹیم کے مالک، مینجمنٹ اور کھلاڑیوں کو اس کے لئے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔کیلس اور کیٹچ کے عہدے سے ہٹنے کے بعد کے کے آر نے ابھی نئے کوچ اور اسسٹنٹ کوچ کے نام کا اعلان نہیں کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ کے کے آر نے سال 2012 اور 2014 میں کپتان گوتم گمبھیر کی کپتانی میں آئی پی ایل کا خطاب جیتا تھا۔