ریاست

ادیبوں کی خدمات و قربانیاں نئی نسل کیلئے مشعل راہ: امتیاز کریمی

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 20-August-2019

پٹنہ(پی آر) بہار راجیہ ابھیلیکھ بھون کے کانفرنس ہال میں محکمہ کابینہ سکریٹریٹ( راج بھاشا) کے زیر اہتمام ہندی کے چار اہم شخصیات اچاریہ شیو پوجن سہائے، گوپال سنگھ نیپالی، سوبھدرا کماری چوہان آر سی پرساد سنگھ کی یاد گاری تقریبات منعقد کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔دن بھر کا یہ پروگرام دو اجلاس پر مشتمل تھا۔ پہلے اجلاس میں اچاریہ شیو پوجن سہائے اور گوپال سنگھ نیپالی کو یاد کیا گیا جب کہ دوسرے اجلاس میں سوبھدرا چوہان اور آرسی پرساد سنگھ یاد کئے گئے۔ دونوں اجلاس کی صدارت ہندی پرگتی سمیتی کے چیئرمین ستیہ نارائن نے کی۔شمع افروزی، گلپوشی اور ابتدائی رسمی کارروائی کے بعد محکمہ کابینہ سکریٹریٹ کے جوائنٹ سکریٹری بشمول راج بھاشا کے ڈائرکٹر امتیاز احمد کریمی نے خیر مقدمی کلمات پیش کئے اور انہوں نے اپنے ابتدائی کلمات میں ہندی ادب کی ان چاروں اہم شخصیات کے کارناموں پر مختصر مگر جامع روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی سے ہمیں روشنی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ کیوں کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی ادب کی خدمت اور استحکام و فروغ کے لئے وقف کر رکھی تھی۔ ان ادیبوں نے ادب کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنا لیا تھا اور یہی وجہ ہے کہ ان کی عظیم قربانیوں کے نتیجہ میں ہندی ادب کو بلندی و سرخروئی حاصل ہوئی۔ ان لوگوں نے ادب میں چار چاند لگاکر اپنا ادبی و اخلاقی فریضہ بھی انجام دیا اور سماج کو نئی راہ دکھانے کی بھر پور کوشش کی۔ انہوں کہا کہ فنکار نہیں بلکہ اس کا فن بولتا ہے اور یہی بڑی و نمایاں خوبیاں اچاریہ شیوپوجن سہائے، گوپال سنگھ نیپالی، سوبھدرا سنگھ چوہان اور آرسی پرساد سنگھ کے اندر پائی جاتی تھیں۔جناب کریمی نے کہا کہ ادیبوں کی خدمات اور ان کی قربانیا ں نئی نسل کے لئے مشعل راہ ہیں۔پروفیسر ڈاکٹر رن وجئے کمار نے اچاریہ شیو پوجن سہائے کو ہندی ادب کا عظیم خادم قرار دیتے ہوئے ان کی ادبی خدمات سے نئی نسل کے لوگوں کو واقفیت حاصل کرنے کی تلقین کی۔ پروفیسر ڈاکٹر ستیش کمار رائے ، پروفیسر ڈاکٹر بجرنگ پرتاپ کیسری ڈاکٹر سبیتا سنگھ نیپالی، ڈاکٹر پشپا درویدی، پروفیسر ڈاکٹر اوشا سنگھ، ڈاکٹر اجئے کمار ایس پی سنگھ وغیرہم نے اپنے مقالے پیش کر مذکورہ ادیبوں کی خدمات پر روشنی ڈالی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر پرمود کنور نے انجام دئیے جب کہ انل کمار لعل نے اظہار تشکر کیا۔ تقریب کے بیچ میں ہی سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جگن ناتھ مشرا کے انتقال کی خبر ملتے ہی ڈائرکٹر امتیاز احمد کریمی نے اس کی اطلاع دی اور تقریب کے شرکاء کے ساتھ مل کر دومنٹ کی خاموشی اختیار کرتے ہوئے آنجہانی ڈاکٹر مشرا کو خراج عقیدت پیش کیا اور تقریب فوراً ملتوی کردی گئی۔

About the author

Taasir Newspaper