دنیا بھر سے

ایران کے اپنے تیار کردہ موبائل دفاعی میزائل نظام کی نمائش

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 23-August-2019

تہران،ایران نے ایک موبائل دفاعی میزائل نظام کی نمائش کی ہے۔ تہران حکومت کا دعویٰ ہے کہ زمین سے فضا میں مار کرنے والا یہ میزائل نظام مکمل طور پر ملک میں ہی تیار کیا گیا ہے۔ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق یہ موبائل دفاعی میزائل نظام اپنے ہدف کو طویل فاصلے تک زمین سے فضا میں نشانہ بنا سکتا ہے۔ ‘باور 373 ‘ نامی اس دفاعی میزائل نظام کی رونمائی ایرانی صدر حسن روحانی نے بدھ 21 اگست کو کی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق یہ نظام اپنی کارکردگی میں روسی دفاعی میزائل نظام 300- S کا مدمقابل ہے۔ مغربی دفاعی ماہرین کے مطابق ایران اکثر اپنے ہتھیاروں کی کارکردگی کو بہت بڑھا چڑھا کر پیش کرتا ہے۔ایران کی طرف سے باور 373 میزائل نظام کی نمائش ایک ایسے موقع پر کی گئی ہے جب امریکا اور ایرن کے مابین انتہائی زیادہ تناؤ موجود ہے اور امریکا کی اضافی فوجی نفری اور طیارہ بردار بحری جہاز بھی خطے میں تعینات ہیں۔ایران نے جون میں ایک امریکی ڈرون طیارہ بھی زمین سے فضا میں مار کرنے والے ایک میزائل کے ساتھ مار گرایا تھا۔ ایران کا دعویٰ تھا کہ یہ ڈرون ایرانی فضائی حدود میں موجود تھا تاہم امریکا کا کہنا تھا کہ اس ڈرون کو بین الاقوامی فضائی حدود میں نشانہ بنایا گیا تھا۔میزائل نظام کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا، ”بات چیت بے فائدہ ہے۔‘‘ایرانی صدر حسن روحانی نے اس نئے دفاعی میزائل نظام کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے امریکا کے ساتھ جاری تناؤ کے تناظر میں کہا، ”بات چیت بے فائدہ ہے … اب جبکہ ہمارے دشمن منطق کو تسلیم نہیں کرتے، ہم منطق سے جواب نہیں دے سکتے۔‘‘حسن روحانی نے مزید کہا، ”جب دشمن ہم پر میزائل داغتا ہے، ہم تقریر کر کے یہ نہیں کہہ سکتے کہ ‘مسٹر راکٹ‘ برائے مہربانی ہمارے ملک اور معصوم لوگوں کو نشانہ نہ بنائیں۔ راکٹ داغنے والے جناب، کیا آپ مہربانی کر کے کوئی ایسا بٹن دبائیں گے جو اس میزائل کو خودکار طریقے سے فضا میں ہی تباہ کر دے۔‘‘ایران نے 1992ء کے بعد سے اپنی دفاعی صنعت میں کافی زیادہ ترقی کی ہے اور ملکی سطح پر ہلکے اور بھاری ہتھیار تیار کیے جا رہے ہیں، جن میں تارپیڈو اور دور مار میزائلوں سے لے کر ڈرون، ٹینک اور آبدوز تک سبھی کچھ شامل ہے۔

About the author

Taasir Newspaper