ہندستان ہندوستان

حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 19-August-2019

نئی دہلی(پریس ریلیز)حج بیت اللہ2019؁ء کے مقدس فریضہ کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ 17؍اگست 2019سے جاری ہے اور اب تک کل 05پروازیں جدہ سے دہلی آچکی ہیں جن میںتقریباً1350حجاج کرام کی وطن واپسی مکمل ہوچکی ہے ۔آج شام ایئر انڈیا کی فلائٹ AI-5002سے دہلی پہنچنے والے 420 حجاج کرام کے دستے کو دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین جناب عاصم احمد خان نے استقبال کر تے ہوئے تہنیت پیش کی۔واضح ہوکہ 17؍اگست 2019؁ء سے حجاج کی وطن واپسی کا شروع ہونے والا سلسلہ آئندہ30؍اگست 2019تک جاری رہے گا۔اس درمیان ایر انڈیا کی کل 64پروازیں حجا ج کرام کو لے کر دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے حج ٹرمنل پر آئینگی۔ اس سال ہندو ستان سے حج بیت اللہ کیلئے جانے والے کل 139960 عازمین میںسے 22551 عازمین دہلی ایمبارکیشن پوائنٹ سے حج کے مقدس سفر پر روانہ ہوئے تھے۔ دہلی سے حج بیت اللہ جانے والے عازمین کا تعلق دہلی کے علاوہ مغربی اترپردیش، ہریانہ، اتراکھنڈ، پنجاب ، ہماچل پردیش, چنڈی گڑھ اور جموںو کشمیر سے ہے۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین عاصم احمد خان کی اطلاع کے مطابق دہلی حج کمیٹی دہلی امبارکیشن پوائنٹ پر انتظام اور انصرام کیلئے ذمہ دار ہونے کی حیثیت سے حسب دستور گذشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی حجاج کرام کی تمام تر سہولیات کی یقین دہانی اور فراہمی کیلئے ہر وقت مصروف ہے اور دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حجاج کی واپسی اور انہیںسہولت کے ساتھ اپنے احباب اور رشتہ داروں تک پہنچانے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں دور درا ز کے صوبوں اور علاقوںکے حجاج اور انہیں لینے کیلئے دہلی آنے والے ان کے رشتہ داروں اور اہل خانہ کے قیا م کیلئے حج منزل میں پہلے کی طرح مناسب انتظاما ت کیے گیے ہیں جہاں ریلو ے ریزرویشن کے خصو صی کائونٹر اور حکومتِ دہلی کی طبی ٹیم بھی خدما ت پر ما مور ہے۔ اسی طرح دہلی سرکار کے ڈاکٹروں کی ایک خصوصی ٹیم ایرپورٹ پر بھی اپنی خدمات انجام دے رہی ہے۔اس کے علاوہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے اس سال پہلی بار سول ڈیفینس ٹیم کے سا تھ بھارت اسکاوٹ ایند گائیڈ کے 60 رضاکارو ں کی خدمات بھی حاصل کی ہیں۔ایئرپور ٹ پر حجاج کی سہولیات اور انہیں بہ آسانی ان کے رشتہ دارو ںتک پہنچانے کیلئے حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر جناب محسن علی ، حج کمیٹی آف انڈیا دہلی لائزن آفس انچارچ سلطان عالم اور حج کمیٹی کے اسٹاف و دیگررضا کاران شب و روز اپنے حسن خدمت کی انجام دہی میں مصروف ہیں۔

About the author

Taasir Newspaper