ہندستان ہندوستان

نلنی کی پیرول کی مدت میں تین ہفتے کا اضافہ

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 23-August-2019

چنئی،(یو این آئی) مدراس ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کے قتل معاملہ میں عمرقید کی سزا کاٹ رہے سات لوگوں میں شامل ایس نلنی (52) کی پیرول مدت کو تین ہفتہ مزید بڑھانے کا جمعرات کو حکم دیا۔جج ایم ایم سندریش اور جج ایم نرمل کمار کی ڈبل بنچ نے معاملہ کی سماعت کے بعد نلنی کی پیرول کی مدت تین ہفتہ مزید بڑھانے کا حکم دیا۔ نلنی نے اپنی بیٹی کی شادی کی تیاریوں کے لئے عدالت سے اس کی پیرول کی مدت ایک مہینہ مزید بڑھانے کی درخواست کی تھی۔دراصل جب اس سلسلہ میں ویلور جیل انتظامیہ نے نلنی کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا تو اسے عدالت کی پناہ میں جانا پڑا۔ جیل انتظامیہ نے ایک مہینہ کی پیرول مدت بڑھا نے کی اس کی درخواست کو صاف طورپر ٹھکرا دیا تھا۔اس نے اپنی دلیل میں کہاکہ اس کی پوری کوشش کے باوجود اس کی بیٹی کی شادی کے لئے تمام انتظامات مکمل نہیں ہوسکے ہیں۔ اس نے کہاکہ شادی کے انتظامات مکمل کرنے کے لئے اسے مزید ایک مہینے کی ضرورت ہے۔یہ بتاتے ہوئے کہ ان کی بیٹی اپنے ہونے والے شوہر مروگن، جو شری ہرن کے بھائی ہیں، کے ساتھ لندن میں رہ رہی ہے، نلنی نے کہا کہ ان کی اگلے مہینہ کے پہلے ہفتہ میں ہندستان آنے کی امید ہے۔ اس نے اپنے پیرول کی مدت ایک مہینہ مزید بڑھانے کی درخواست کرتے ہوئے کہاکہ اسے شادی کے انتظامات کرنے کے لئے مزید وقت چاہئے۔نلنی کو اپنی بیٹی کی شادی کے انتظامات کرنے کے لئے 25جولائی کو ایک مہینہ کی پیرول پر رہا کیا گیا تھا۔ پیرول دیتے وقت عدالت نے ایک شرط بھی رکھی تھی کہ وہ کسی بھی سیاسی جماعت کے لیڈر سے ملاقات نہیں کریں گی اور نہ ہی کسی میڈیا کوکوئی انٹرویو دیں گی۔

About the author

Taasir Newspaper