ہندستان ہندوستان

ہماچل پردیش میں بارش سے 24گھنٹے میں 18لوگوں کی موت

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 19-August-2019

شملہ،(یوا ین آئی) ہماچل پردیش کے مختلف حصوں میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران شدید بارش کی وجہ سے 18لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔یہ اطلاع وزیراعلی جے رام ٹھاکر نے آج دی۔ انہوں نے بتایا کہ آٹھ لوگوں کی موت شملہ ضلع میں ہوئی ہے۔ راجدھانی میں آر ٹی او کے نزدیک ایک کنبہ کی دو بہنوں سمیت باپ کی موت ہوگئی جبکہ دیگر آٹھ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔میڈیا سے بات چیت کے دوران وزیراعلی نے کہا کہ ریاست میں گزشتہ دو دنوں سے شدید بارش ہونے کی وجہ سے جگہ جگہ پر زمینی تودے گرنے، فلیش فلڈ اور درختوں کے گرنے کی اطلاع ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ چمبا، کلو، سرمور اور سولن ضلع میں دو دو لوگوں نے اپنی جان گنوائی۔ اس کے علاوہ بلاسپور اور لاہول۔اسپتی ضلع میں گزشتہ 24گھنٹوں سے ہورہی شدید بارش کی وجہ سے ایک ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔مسٹر ٹھاکر نے بتایا کہ انہوں نے ریاست کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو صورتحال پر گہری نظر رکھنے اور مقامی و سیاحوں کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایات دی ہیں۔ انہوں نے سیاحوں سے ندیوں سے دور رہنے کی درخواست کی کیونکہ فلیش فلڈ اور شدید بار ش کی وجہ سے پانی کی سطح بڑھنے کا اندیشہ رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس برس بارش کے موسم کے دوران ریاست کو تقریباََ 490کروڑ روپے کا نقصا ن ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز اور آج صبح بے وقت برفباری کی وجہ سے ضلع لاہول۔اسپتی میں فصلوں کو بڑے پیمانہ پر نقصان پہنچا ہے۔

About the author

Taasir Newspaper