آسٹریلیا کو جھٹکا،اسمتھ تیسرے ٹیسٹ سے باہر

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 21-August-2019

هیڈنگلے،(یو این آئی ) زبردست فارم میں چل رہے اور تازہ ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر دو مقام پر پہنچے آسٹریلیا کے اسٹیون اسمتھ لارڈز ٹیسٹ کے دوران انجری کی وجہ سے هیڈنگلے میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔لارڈز میں ایشز کے دوسرے میچ کے چوتھے دن فاسٹ بولر جوفرا آرچر کی 148.7 کلومیٹر کی رفتار والی شارٹ پچ گیند ان کی گردن کے اس حصے پر لگی تھی جو ہیلمیٹ سے ڈھکا نہیں تھا۔ اسمتھ تب میدان پر گر پڑے تھے اور انہیں میدان سے باہر لے جانا پڑا تھا۔ اگرچہ کچھ دیر بعد انہیں میدان میں لوٹنا پڑا تھا۔ آسٹریلیا نے یہ میچ بچا لیا تھا اور وہ پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 سے آگے ہے۔ سیریز کا تیسرا ٹیسٹ جمعرات سے شروع ہوگا۔اسمتھ کو انجری سے پریشانی ہو رہی تھی اور انہیں سر درد، چکر ، تھکن اور بیمار ی جیسا محسوس ہو رہا تھا، اس لئے انہیں باقی لارڈز ٹیسٹ سے ہٹا لیا گیا تھا۔ اسمتھ کی گردن کا اسکین کرایا گیا اور وہ دونوں ٹسٹ میچوں کے درمیان تین دن کے وقت میں صحتیاب نہیں ہو سکے اور آسٹریلیا نے منگل کو تصدیق کی کہ وہ تیسرے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔دوسرے ٹیسٹ میں پانچویں دن کے کھیل کے لئے اسمتھ کی جگہ مارنس لابشین کو بطور متبادل ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ آئی سی سی ٹیسٹ چمپئن شپ کے لئے آئی سی سی کے قوانین میں تبدیلی کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب کوئی کھلاڑی کسی ٹیسٹ میچ کے درمیان بطور متبادل الیون میں شامل کیا گیا۔