ایمس میں آگ سے ہو ئے نقصان کی جانچ ہوگی: کجریوال

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 19-August-2019

نئی دہلی(یو این آئی) دہلی کے وزیراعلی اروند کجریوال اتوار کی صبح بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر ارون جیٹلی کی عیادت کے لئے آل انڈیا میڈیکل سائنسز (ایمس) گئے اور انکی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ انہوں نے ساتھ ہی اسپتال اس بلاک کا دورہ کیا، جہاں آگ لگی تھی۔مسٹر کجریوال نے کہاکہ اس بات کی جانچ کی جارہی ہے کہ آگ سے ایمس کی عمارت کو کتنا نقصان پہنچا ہے۔ ان کے ساتھ نائب وزیراعلی منیش سسودیا بھی تھے۔مسٹرکجریوال نے بعد میں ٹوئٹ کیا مسٹر ارون جیٹلی کو دیکھنے (ایمس) گیا۔ میں بھگوان سے ان کے جلد صحت مند اورٹھیک ہونے کی دعا کرتا ہوں۔وزیراعلی اور نائب وزیرا نے اس بلاک کامعائنہ کرنے کے بعد جس کو آگ سے نقصان پہنچا ہے،کہا کہ پولیس اور ایمس انتظامیہ کی طرف سے جانچ کی جارہی ہے کہ فوری طورپر اسپتال کے آگ بجھانے والے نظام نے کس طریقہ سے کام کیا ہے۔مسٹرکجریوال نے کہا کہ جواسپتال دہلی حکومت کے ماتحت آتے ہیں وہاں بھی آگ بجھانے کا اچھا نظام بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں ابھی آگ لگنے کے اسباب کے بارے میں کچھ نہیں بتا سکتا ہوں۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ اس بات کی جانچ ہوگی کہ آگ بجھانے کے بعد بھی یہ عمارت کتنی محفو ظ ہے۔سابق مرکزی وزیر مسٹر جیٹلی گزشتہ کئی دنوں سے سانس لینے میں پریشانی کی وجہ سے ایمس میں انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل ہیں۔ خیال رہے کہ سنیچر کو ایمس میں لگی شدید آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ تمام مریض محفوظ ہیں۔ یہ آگ کل شام تقریباََ ساڑھے چار بجے ایمرجنسی وارڈ کے نزدیک ٹریننگ بلاک کی پہلی اور دوسری منزل پر لگی تھی۔ آگ لگنے کی شروعاتی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جارہی تھی، لیکن میڈیا رپورٹوں میں آگ لگنے کی وجہ اے سی کا کمپریسر پھٹنا بتائی جارہی ہے۔