سندھو- پرنیت سیمی فائنل میں، ہندستان کے 2 تمغے پکے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 24-August-2019

باسل،(یو این آئی ) گزشتہ رنر اپ ہندستان کی پی وی سندھو نے شاندار واپسی کرتے ہوئے دوسری سیڈ تائی پے کی تائی جو ینگ کو جمعہ کو میراتھن جدوجہد میں 12-21، 23-21، 21-19 سے شکست دے کر ورلڈ بیڈمنٹن مقابلہ کے سیمی فائنل میں داخل ہونے کے ساتھ ہی اپنا پانچواں تمغہ پکا کر لیا جبکہ بی سائی پرنیت نے مردوں کے سنگلز کے سیمی فائنل میں جگہ بنا کر اس ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا تمغہ پکا کر لیا۔16 ویں سیڈ پرنیت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی سیڈ انڈونیشیا کے جوناتھن کرسٹی کو مسلسل گیمو ں میں 51 منٹ میں 24-22، 21-14 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچتے ہی تاریخ رقم کر دی ۔ پرنیت کے لئے ٹورنامنٹ میں تمغہ پکا ہو گیا ہے اور وہ عالمی بیڈمنٹن چمپئن شپ کی تاریخ میں عظیم پرکاش پادکون کے 1983 میں کانسی کا تمغہ جیتنے کے 36 سال بعد اس مقابلے میں تمغہ جیتنے والے پہلے مرد ہندوستانی کھلاڑی بنیں گے۔پانچویں سیڈ سندھو نے دنیا کی دوسرے نمبر کی کھلاڑی جو ینگ سے یہ مقابلہ ایک گھنٹے 11 منٹ میں جیتا۔ سندھو نے اس طرح مسلسل تیسرے سال اور کل پانچویں بار عالمی چمپئن شپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ ہندوستانی کھلاڑی 2017 اور 2018 میں چاندی کا تمغہ اور 2013 اور 2014 میں کانسی کا تمغہ جیت چکی ہیں۔گزشتہ آٹھ ماہ سے ایک عدد خطاب کی تلاش میں لگی سندھو کے لئے سیمی فائنل میں پہنچنا ایک بڑی خوشی ہے۔ سندھو نے گزشتہ سال کے آخر میں ورلڈ ٹور فائنلس میں خطاب جیتا تھا اور وہ اس کے بعد اپنے پہلے خطاب کی تلاش میں ہیں۔انہوں نے مسلسل تیسرے سال ورلڈ چمپئن شپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا کر تمغہ کی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کر لی ہے۔ سندھو کے لئے یہ مقابلہ دلچسپ اتار چڑھاو سے بھرپور رہا۔ سندھو نے پہلا گیم آسانی سے ہارنے کے بعد جس طرح واپسی کی وہ یقینی طور سے قابل تعریف ہے۔اس جیت کے ساتھ سندھو کا جو ینگ کے خلاف 5-11 کا کریئر ریکارڈ ہو گیا ہے۔ سندھو نے ورلڈ ٹور فائنلس میں بھی سو ینگ کو شکست دی تھی اور اس سے پہلے تک سندھو نے تائی پے کی کھلاڑی سے مسلسل چھ مقابلے گنوائے تھے۔سندھو کے جیتنے کی خوشی دگنا کی پرنیت نے، جنہوں نے حیرت انگیز مظاہرہ کرتے ہوئے کرسٹی کو 51 منٹ میں 24-22، 21-14 سے شکست دی۔ عالمی درجہ بندی میں 19 ویں رینکنگ کھلاڑی پرنیت نے اس جیت سے کرسٹی کے خلاف اپنا کیریئر ریکارڈ دو دو کر لیا ہے۔ پرنیت نے اس سے پہلے کرسٹی کو 2017 کے تھائی لینڈ اوپن میں شکست دی تھی۔پرنیت نے پہلے گیم میں 22-22 کی برابری ہو جانے کے بعد مسلسل دو پوائنٹس لے کر 24-22 سے یہ گیم ختم کیا۔ دوسرے گیم میں کرسٹی نے پوری طرح ہتھیار ڈال دیے اور پرنیت نے من مانے انداز میں پوائنٹس بڑھاتے ہوئے 21-14 پر یہ گیم ختم کر ہندستانی بیڈمنٹن میں نئی ​​تاریخ رقم کر دی۔ لیکن پرنیت کے سامنے اب سیمی فائنل میں عالمی نمبر ایک کھلاڑی جاپان کے كیتو موموتا کا چیلنج ہوگا۔سندھو نے پہلا گیم آسانی سے گنوا دیا۔ جو ینگ نے 10-3 کی برتری بنانے کے بعد پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور پہلا گیم آسانی سے 21-12 سے جیت لیا۔ دوسرے گیم میں دھڑکنیں روک دینے والا مقابلہ ہوا۔ سندھو نے 15-13، 18-16 اور 20-18 سے برتری حاصل کر لی۔