سنچری سے چوکے رہانے، ہندستان کو سنبھالا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 24-August-2019

انٹيگا،(یو این آئی ) نائب کپتان اجنکیا رہانے کی 81 رنز کی نصف سنچری اننگز کی بدولت ہندستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ کے پہلے دن جمعرات کو دن کا کھیل ختم ہونے تک چھ وکٹ پر 203 رنز بنا لئے۔پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک رشبھ پنت 20 اور رویندر جڈیجہ تین رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ اس سے پہلے ہندستان نے ٹاس ہارنے کے بعد عجیب شروعات کی اور اپنے سرفہرست تین بلے باز صرف 25 رنز کے اسکور تک گنوا دیے۔ اوپنر مینک اگروال پانچ، پریکٹس میچ میں سنچری بنانے والے چتیشور پجارا دو اور کپتان وراٹ کوہلی نو رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔راہل اور رہانے نے چوتھے وکٹ کے لئے 68 رن کی مضبوط شراکت کرکے ہندستانی اننگز کو سنبھالا۔ لیکن روسٹن چیز نے راہل کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑ دیا۔ راہل نے 97 گیندوں کی پر جدوجہد اننگز میں پانچ چوکوں کی مدد سے 44 رن بنائے۔ راہل کا وکٹ 93 کے اسکور پر گرا۔راہل کے پویلین لوٹنے کے بعد رہانے نے ہنوما واري کے ساتھ ہندستانی اننگز کو آگے بڑھایا۔ دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لئے 82 رنز کی بہترین شراکت ہوئی۔ لیکن ہنوما کیمار روچ کی گیند پر وکٹ کے پیچھے شائی ہوپ کو کیچ دے کر پویلین چلے گئے۔ ہنوما نے 32 رن کی اپنی اننگز میں پانچ چوکے لگائے۔نائب کپتان رہانے نے اس کے بعد نوجوان وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کے ساتھ شراکت بڑھائي لیکن یہ شراکت بڑی سست رہی ،اس سے پہلے ہی گیبرئیل نے رہانے کو بولڈ کر ہندستان کو جھٹکا دے دیا۔ رہانے نے اپنی افادیت ثابت کرتے ہوئے 163 گیندوں میں 10 چوکوں کی مدد سے 81 رنز بنائے اور ہندستان کو ابتدائی جھٹکوں سے نکال كر قابل احترام پوزیشن تک پہنچایا۔ رہانے کا وکٹ 189 کے اسکور پر گرا۔اس سے پہلے ویسٹ انڈیز کے تیز گیند باز روچ نے مینک اور پجارا کے وکٹ پانچویں اوور میں لے کر ہندستانی اننگز کو جھنجھوڑ دیا تھا۔ ون ڈے سیریز میں دو سنچری بنا کر مین آف دی سیریز بنے کپتان وراٹ کو شینن گیبریل نے آؤٹ کیا۔ ویسٹ انڈیز کی اننگز میں روچ نے 34 رن دے کر تین وکٹ، گیبرئیل نے 49 رن دے کر دو وکٹ اور چیز نے 42 رن پر ایک وکٹ لیا۔