سوڈان پر عاید پابندیاں اٹھانے کے لیے امریکا سے مذاکرات کررہے ہیں: حمدوک

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 26-August-2019

خرطوم،سوڈان کے نئے وزیراعظم عبداللہ حمدوک نے کہا ہے کہ نئی حکومت خرطوم پر عاید کی جانے والی عالمی پابندیاں اٹھانے کے لیے امریکا کے ساتھ مذاکرات کررہے ہیں۔وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد سوڈانی وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ دو سال کے دوران درآمدات اور اور کرنسی کے استحکام کے لیے 8 ارب ڈالر کی رقم درکار ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں حمدوک نے کہا کہ آئندہ تین ماہ کے دوران سوڈان کو غیرملکی کرنسی کے مقابلے میں مقامی کرنسی کو مستحکم کرنے کے لیے ایک سے دو ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سوڈانی پائونڈ کی قیمت کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ کرنسی ریٹ کے تبادلے میں لچک کا طریقہ کار اپنائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں سوڈان کے نو منتخب وزیراعظم عبداللہ حمدوک نے کہا کہ امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات میں سوڈان کوبلیک لسٹ ممالک کی فہرست سے نکالنے پرتوجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں سوڈان کے قرضوں کے نظام کو مربوط کرنے پر زور دیا گیا۔ایک سوال کے جواب میں حمدوک نے کہا کہ انقلاب کے بعد ملک کی نئی حکومت کے سامنے بہت سے چیلنجز ہیں مگرنئی حکومت سوڈانی عوام کی امنگوں اور توقعات پر پورا اترنے کی پوری کوشش کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سوڈانی عوام اپنے ملک کی معیشت کے بارے میں بہتر جانتے ہیں۔عبداللہ حمدوک نے سوڈان اور دوسرے عرب ممالک کے درمیان رابطوں اور تعلقات کو ازسرنو فعال کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سوڈان کسی دوسرے ملک کی طر ف سے مداخلت اور سیاسی شرائط قبول نہیں کرے گا بلکہ مشترکہ مفادات اور برابری کی بنیاد پرتمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے کی پالیسی اپنائی جائے گی۔