سی بی ایس ای اپنے ضوابط پر نظر ثانی کرے :مفتی مکرم

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 24-August-2019

نئی دہلی،(ایجنسی): شاہی مسجد فتحپوری کے امام مفتی محمد مکرم احمد نے آج نماز جمعہ سے قبل خطاب میںمسلمانوںکو تاکیدکی کہ اللہ تعالی کی طرف رجوع ہوں اس کی عبادت اخلاص کے ساتھ کریں ، اس سے دعائیں کریں اور پروردگار کی نعمتوں پر شکر کرنے والے بندے بنیں ان شاء اللہ اس کی مدد ضرور آئے گی ۔انہوں نے کہا گناہوں کی وجہ سے بھی پریشانیاں آتی ہیں ۔انہوںنے ہندستان کی کئی ریاستوں میں سیلاب کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ سیلاب زدگان کی مدد میں کوتاہی نہ کریں ۔انہوںنے کہا مرکزی حکومت اور ریاستی حکومتیں بھی اس بات کو یقینی بنائیں کہ امداد اور ریلیف سب کو پہنچے ۔کچھ لوگ اس سے محروم ہو جاتے ہیں یہ کئی بار دیکھا گیاہے ۔انہوںنے کہا کہ سیلاب زدگان کی جانوں کا بھی نقصان ہوتا ہے جس کی کوئی تلافی ہو ہی نہیں سکتی ان کو بھی معقول معاوضے دئے جائیں ۔حکومت اور انتظامیہ کی ہدایت پر سب کو عمل کرنا چاہئے اور اپنے آپ کو خطرہ میں نہیں ڈالنا چاہئے ۔مفتی مکرم نے سی بی ایس ای بورڈ سے اپیل کی ہے کہ گیارہویں کلاس میںداخلہ کے عمل کو آسان بنایا جائے اور پانچ ہزار روپے کی بڑی رقم داخلہ فیس کے طورپر نہ لی جائے ۔اگر کوئی طالب علم بورڈ کے دسویں کلاس کے امتحان میں فیل ہو جائے گا تو وہ آئندہ سال دسویں کلاس کا امتحان پرائیویٹ طالب علم کے طور پر دے سکتا ہے ۔پھر اگر وہ اس امتحان میں پاس ہوجائے گا ور اسکول میں گیارہویں جماعت میںداخلہ لے گا تو اسے داخلہ فیس پانچ ہزار روپئے دینی ہوگی ۔انہوںنے کہا کہ داخلہ فیس کم سے کم رکھی جائے اور سی بی ایس ای اسکول کی تعلیم کے عمل کو آسان بنائے تاکہ زیادہ سے زیادہ طالب علم اس سے فائدہ اٹھائیں اور غریبی کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ ہوجائیں ۔