مقابلہ جاتی امتحانات کے تئیں ماحول سازی ضروری:ایس آئی فیصل

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 16-August-2019

دربھنگہ : (عبدالمتین قاسمی ) اس حقیقت سے ہم سب واقف ہیں کہ اب قومی یا ریاستی سطح پر سرکاری ملازمت کے لئے مقابلہ جاتی امتحان لازمی ہوگیا ہے۔ چوں کہ آسامیاں کم ہیں اور امیدوار زیادہ ہیں اس لئے انتخاب کے لئے مقابلہ جاتی امتحان کی ضرورت ہوتی ہے۔لیکن مسلم معاشرے میں ان امتحانوں کے تئیں اب بھی بیداری نہیں آئی ہے ۔ اس کے لئے ماحول سازی ضروری ہے اور اس کے لئے پڑھے لکھے طبقے کو ایک فریضہ سمجھ کر مہم چلانی ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہار ایس آئی فیصل ( اسپیشل سکریٹری و ڈائرکٹر محکمہ اقلیتی فلاح وبہبود ، حکومتِ بہار ، پٹنہ) نے کیا۔ مسٹر فیصل مقامی سی ایم کالج دربھنگہ میں بی پی ایس سی پی ٹی کی تیاری کے لئے محکمہ کی جانب سے چلائے جا رہے مفت کوچنگ کے طلباء کو خطاب کر رہے تھے۔ واضح ہو کہ گذشتہ ۶؍ اگست سے ہی کوچنگ کا آغاز ہو چکا ہے ۔ آج ان طلباء کے لئے خصوصی پروگرام ’’مقابلہ جاتی امتحان کیوںاور کیسے‘‘ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جس میں فیصل نے بطور مہمانِ خاص شرکت کی اور طلباء وطالبات کو مقابلہ جاتی امتحانات کے تقاضوں سے روشنا س کرایا ۔ انہو ںنے کہا کہ سی ایم کالج مرکز کا ریزلٹ گذشتہ سال حوصلہ افزا رہاہے ۔ امید ہے کہ اس سال بھی طلباء شاندار کامیابی کا مظاہرہ کریں گے ۔انہوں نے طلباء سے کوچنگ کے تعلق سے سوال وجواب کئے اور طلباء کے جوابات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ وسیم احمد اقلیتی فلاح وبہبود افسر دربھنگہ نے اس موقع پر طلباء کو اس مفت کوچنگ سے استفادہ کرنے کی تلقین کی اور کڑی محنت کے ساتھ ساتھ صبر وتحمل سے کام لینے پر زور دیا ۔