ٹیسٹ میں بھی اوپننگ کر سکتے ہیں روہت: گنگولی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 23-August-2019

انٹيگا،(یو این آئی) ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان سوربھ گنگولی نے ٹیم کے بلے باز روہت شرما کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ون ڈے اور ٹوئنٹی -20 میچوں کے علاوہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اوپنر کے طور پر اتر سکتے ہیں۔گنگولی نے امید ظاہر کی کہ روہت ٹیسٹ میں اوپننگ کے لئے اتریں اور ٹیسٹ فارمیٹ کے نائب کپتان اجنکیا رہانے مڈل آرڈر میں اترر ہندوستانی اننگز کو سنبھالیں۔انہوں نے کہاکہ میرے خیال سے روہت عالمی کپ کی اپنی بہترین کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے اوپننگ کے لئے اتریں اور رہانے مڈل آرڈر میں اپنی صلاحیت کے مطابق کارکردگی کریں۔ہندوستان کو ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ آج انٹيگا میں کھیلنا ہے۔ڈوپنگ ٹیسٹ میں فیل ہونے کے بعد پابندی کا سامنا کررہے اوپنر پرتھوی شا کی غیر موجودگی میں ہندوستانی ٹیم کے لئے اوپننگ جوڑی پریشانی کا سبب بن سکتی ہے۔اگرچہ ٹیم پہلے ٹیسٹ میں مینک اگروال اور لوکیش راہل سے اننگز کا آغاز کرا سکتی ہے۔گزشتہ ماہ ختم ہوئے آئی سی سی ورلڈ کپ میں پانچ سنچری لگانے والے روہت ون ڈے اور ٹوئنٹی -20 فارمیٹ میں ہندوستان کی اننگز کا آغاز کرتے ہیں لیکن اب تک وہ ٹیسٹ ٹیم میں مستقل جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے دورے میں انہوں نے امید کے برعکس مظاہرہ کرتے ہوئے چار اننگز میں محض 78 رنز بنائے تھے۔گنگولی نے کہاکہ یہ دیکھنا ہوگا کہ ٹیم میں روہت اور رہانے میں کسے جگہ ملتی ہے۔روہت نے عالمی کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا لیکن جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں وہ اندر باہر ہوتے رہے۔ہندوستانی ٹیم کے لئے وکٹ کیپر کا انتخاب بھی مشکل ہوگا۔ٹیم کے پاس وکٹ کیپر کی حیثیت سے نوجوان رشبھ پنت اور تجربہ کار ردھمان ساہا شامل ہیں۔سابق کپتان نے اس بارے میں کہاکہ آسٹریلیا اور انگلینڈ میں اچھی کارکردگی کے بعد پنت کو ساہا کی جگہ ٹیم میں شامل کرنا چاہئے۔