ٹیم انڈیا ٹیسٹ چیمپئن شپ میں فاتحانہ آغاز کرنے اترے گی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 22-August-2019

اینٹيگا،(یواین آئی) وراٹ کوہلی کی کپتانی میں ٹیم انڈیا جمعرات سے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں فاتحانہ آغاز کرنے کے ارادے سے اترے گی۔آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا آغازیکم اگست سے ہو چکا ہے اور ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے لئے اس چیمپئن شپ کا یہ پہلا میچ ہوگا۔ ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کل 120 پوائنٹس داؤ پر رہیں گے۔ دو ٹسٹ میچوں کی سیریز میں ایک میچ جیتنے پر 60 پوائنٹس ملتے ہیں۔ہندوستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کے دورے میں ناقابل تسخیر چل رہی ہے ۔ ہندوستان نے تین ٹوئنٹی -20 میچوں کی سیریز تین۔صفر سے اور تین ون ڈے میچوں کی سیریز دو۔صفر سے جیتی تھی۔ ہندوستان اس فارم کو ٹیسٹ سیریز میں بھی برقرار رکھنا چاہے گا۔ ٹیم انڈیا عالمی کپ کے سیمی فائنل کی شکست کو پیچھے چھوڑ چکی ہے اور اب اس کی نظریں ٹیسٹ چیمپئن شپ پر ٹکی ہوئی ہیں۔ٹیم انڈیا کا گزشتہ آٹھ ماہ میں یہ پہلا ٹیسٹ ہوگا۔ ہندوستان نے اپنا آخری ٹیسٹ اس سال جنوری کے پہلے ہفتے میں آسٹریلیا کے سڈنی میں کھیلا تھا جو ڈرا رہا تھا۔ ہندوستان نے آسٹریلیا سے ٹیسٹ سیریزدو۔ایک سے جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔ہندوستان نے ویسٹ انڈیز سے اپنی پچھلی گھریلو سیریز دو۔صفر سے جیتی تھی اور 2016 میں ویسٹ انڈیز میں چار میچوں کی سیریز دو۔صفر سے جیتی تھی۔ ہندوستان گزشتہ کارکردگی کو اس سیریز میں جاری رکھنا چاہے گا لیکن اس کے لئے اسے اپنی ٹیم کو متوازن بنانا ہوگا۔کپتان وراٹ کے سامنے ٹیم انڈیا کے بلے بازی آرڈر کو صحیح شکل دینے کا چیلنج ہوگا۔ پرتھوی شا کی غیر موجودگی میں یہ تو طے ہے کہ لوکیش راہل کے ساتھ اوپننگ میں مینک اگروال اتریں گے۔ پریکٹس میچ میں سنچری بنانے والے چتیشور پجارا تیسرے مقام پر اور وراٹ چوتھے نمبر پر رہیں گے۔ ہندوستان کو اس کے بعد اپنا بلے بازی آرڈر طے کرنا ہے۔پانچویں نمبر کے لئےہنوما وہاري، روہت شرما اور اجنکیا رہانے کے درمیان مقابلہ رہے گا۔ رہانے ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان بھی ہیں جبکہ ون ڈے کے بڑے بلے باز روہت کو ٹیسٹ ٹیم میں اپنی جگہ یقینی کرنی ہے۔ روہت نے پریکٹس میچ میں شاندار نصف سنچری بنائی تھی۔وکٹ کیپر کے کردار میں ردھمان ساہا اور رشبھ پنت کے درمیان مقابلہ رہے گا۔ ساہا چوٹ کی وجہ سے 18 ماہ تک ٹیسٹ کرکٹ سے باہر رہے تھے اور ان کی جگہ پنت نے متاثر کیا تھا۔ پنت واحد ایسے وکٹ کیپر بلے باز ہیں جنہوں نے انگلینڈ اور آسٹریلیا میں سنچری بنائی ہے۔ساہا کی واپسی سے فی الحال پنت کو کوئی خطرہ تو نہیں ہے لیکن یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ ٹیم انڈیا اپنے بہترین وکٹ کیپر ساہا کو اس سیریز میں واپسی کا موقع دیتی ہے یا نہیں۔تیز گیند بازی میں ایشانت شرما، جسپريت بمراہ اور محمد شامی کی جگہ طے ہے جبکہ اسپن کے لئے آف اسپنر روی چندرن اشون، لیفٹ رم اسپنر رویندر جڈیجہ اور چائنامین کلدیپ یادو کے درمیان مقابلہ رہے گا۔ اشون کو آسٹریلیا میں ٹیسٹ کھیلنے کے بعد چوٹ کی وجہ سے باہر ہونا پڑا تھا۔اشون ہندوستان کے پچھلے ویسٹ انڈیز کے دورے میں مین آف دی سیریز رہے تھے لیکن ہندوستان کے گزشتہ دو غیر ملکی دوروں میں انہیں فٹنس مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔کلدیپ حالیہ میچوں میں اپنی گیندبازی سے اتنا متاثر نہیں کر سکے ہیں جتنا ان سے توقع کی جارہی تھی جبکہ جڈیجہ نے اپنی حالیہ کارکردگی سے متاثر کیا ہے۔ویسٹ انڈیز نے جیسن ہولڈر کی کپتانی میں ٹیسٹ میچوں میں اچھی کارکردگی کی ہے اور ٹیم میں اپنے گھریلو میدان پر انگلینڈ جیسی بڑی ٹیم کو گھریلو سیریز میں 2-1 سے شکست دی تھی۔ہولڈرکو ہندوستان کے خلاف اپنی ٹیم سے ایسی ہی کارکردگی کی توقع رہے گی۔ اگرچہ اس کے لئے ان کے تیز گیند بازوں اور بلے بازوں کو بہتر مظاہرہ کرنا ہوگا۔محدود اووروں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز نے مایوس کیا تھا لیکن ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیم کے پاس ہندوستان کوچیلنج پیش کرنے کا دم ہے۔ ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان اب تک 96 ٹیسٹ کھیلے گئے ہیں جس میں ہندوستان نے 20 جیتے ہیں اور 30 ہارے ہیں جبکہ ان کے درمیان 46 ٹیسٹ ڈرا رہے ہیں۔