پانچ مزدوروں کی موت،گائوں میں مچا کہرام

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 24-August-2019

سمستی پور،(فیروز عالم) غازی آباد کے نند گرام سے سٹے کرشنا کنج میں سیور لائن کا کنکشن کر رہے سمستی پور ضلع سے تعلق رکھنے والے پانچ مزدوروں کی زہریلی گیس کے سبب موت ہو جانے کی خبریں جیسے ہی ان لوگوں کے گائوں پہنچی تو پورا ماحول آہ و بقاء کی صدائوں سے گونجنے لگا ۔بتادیں کہ اس واقعہ میں سمستی پور ضلع کے سنگھیا تھانہ حلقہ کے چار مزدور اور ایک ویبھوتی پور تھانہ حلقہ کے ہیں ۔ مہلوکین میں سندیپ سدا ولد سریش سدا (۳۰)،وجئے رائے ولد جواہر رائے (۴۰)، دامودر سدا ولد مدھو سودن سدا(۴۰)، ہوریل سدا ولد ٹھکو سدا اور وجئے رائے کا سالہ شیو کمار سدا (۳۲) شامل ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ سبھی مزدوروں کی موت سیور لائن کے کنکشن کے دوران میتھین گیس کی چپیٹ میں آجانے سے ہوئی ہے۔ دوسری طرف اس المناک حادثے میں جس کنبہ کے افراد کی موت ہو گئی ہے ان لوگوں کی چیخ و پکار سے پوری فضا گونجنے لگا ۔چیخ و پکار کی صدا سنکر گائوں کے لوگ جمع ہوئے اور لوگ متاثرہ کنبہ کے لوگوں کو تسلی دینے میں لگ گئے لیکن غمزدہ کنبہ کے افراد پر لوگوں کی تسلی کا کوئی اثر نہیں دکھ رہا تھا ۔بہر حال ادھر یو پی حکومت نے دس۔ دس لاکھ روپئے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے ۔دوسری طرف سبھی مہلوکین کی لاش غازی آباد سے سمستی پور کے لئے روانہ ہو چکی ہے اور سمستی پور میں ہی آخری رسومات کی ادائیگی کئے جانے کی اطلاع ملی ہے۔گائوں کے لوگ بھی لاش آنے کے انتظار میں ہیں۔