کرونا رتنے کی سنچری، سری لنکا کو ملی جیت اور 60 پوائنٹس

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 19-August-2019

گالے،(یو این آئی ) کپتان دمتھ کرونا رتنے کی 122 رنز کی زبردست سنچری کی بدولت میزبان سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو پہلے کرکٹ ٹسٹ کے پانچویں اور آخری دن اتوار کو چھ وکٹ سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل لی۔ سری لنکا کو اس جیت سے آئی سی سی ٹیسٹ چمپئن شپ کے تحت 60 پوائنٹس ملے۔سری لنکا کو جیت کے لئے 268 رنز کا ہدف ملا جس کا تعاقب کرتے ہوئے اس نے چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک بغیر کسی نقصان کے 133 رنز بنا لئے تھے سری لنکا نے چار وکٹ پر 268 رنز بنا کر آسان جیت حاصل کر لی۔ کرونا رتنے نے 243 گیندوں پر 122 رنز کی میچ فاتح اننگز میں چھ چوکے اور ایک چوکا لگایا۔ کرونا رتنے کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔ آئی سی سی ٹیسٹ چمپئن شپ کے تحت دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں جیت پر 60 پوائنٹس ملتے ہیں۔میچ کے آخری دن صبح کرونا رتنے نے 71 رنز اور لاہرو ترمانے نے 57 رنز سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔ سری لنکا کا اسکور 161 رن پہنچا تھا کہ ترمانے آؤٹ ہو گئے۔ ترمانے نے 163 گیندوں پر 64 رن میں چار چوکے لگائے۔ انہیں ولیم سمرولے نے آؤٹ کیا۔ کرونا رتنے اور ترمانے کے درمیان پہلے وکٹ کے لئے 161 رن کی شراکت ہوئی۔ کرونارتنے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ہدف کے کامیاب تعاقب میں چوتھی اننگز میں سنچری جڑنے والے پہلے سری لنکن اوپنر بن گئے ہیں ، انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں شاندار سنچری بنا کر یہ سنگ میل عبور کیا۔وہ پانچ روزہ کرکٹ میں چوتھی اننگز میں سنچری بنانے والے تیسرے سری لنکن بلے باز ہیں۔ اس سے قبل کشل مینڈس اور سنت جے سوریہ بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں، جے سوریہ نے دو مرتبہ یہ اعزاز حاصل کر رکھا ہے۔اس کے علاوہ کرونارتنے ٹیسٹ میچ میں ہدف کے کامیاب تعاقب میں چوتھی اننگز میں سنچری بنانے والے چوتھے سری لنکن بلے باز بھی بن گئے ہیں، اس سے قبل مہیلا جے وردھنے، کشل پریرا اور اروند ڈی سلوا بھی یہ اعزاز پا چکے ہیں۔ کشل مینڈس 10 رنز بنا کر اعجاز پٹیل کا شکار بنے۔ 31 سالہ كرونا رتنے اپنی نویں سنچری بنانے کے بعد ٹیم کے 218 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ کرونا رتنے کا وکٹ ٹم ساؤتھی نے لیا۔ کشل پریرا نے 19 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 23 رن بنائے اور سری لنکا کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔ پریرا کو ٹرینٹ بولٹ نے آؤٹ کیا۔ انجیلو میتھیوز نے ناٹ آؤٹ 28 اور دھننجے سلوا نے ناٹ آؤٹ 14 رنز بنا کر ٹیم کو چھ وکٹ سے جیت دلا دی۔اتوار کو گالے ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز سری لنکا ٹیم نے 133 رنز بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے کامیابی کیلئے مزید 135 رنز درکار تھے جبکہ کرونارتنے 71 اور ترمانے 57 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے، 161 کے ا سکور پر سمرولے نے ترمانے کو 64 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، کشل مینڈس 10 رنز بنا کر اعجاز پٹیل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، 218 کے اسکور پر سری لنکا کو تیسرا نقصان اٹھانا پڑا جب کپتان کرونارتنے جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 122 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد ٹم ساؤتھی کی گیند کا نشانہ بنے۔