افغانستان : دو ھماکوں میں 27 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ، صدر اشرف غنی محفوظ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-September-2019

کابل ،افغانستان میں منگل کے روز ہونے والے دو دھماکوں میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہو گئے۔ان میں پہلا دھماکا دارالحکومت کابل جب کہ دوسرا ملک کے وسطی صوبے پروان میں ہوا۔افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے بتایا کہ پروان میں صدر اشرف غنی کے انتخابی مجمع کی سمت جانے والے راستے پر ایک چیک پوائنٹ کے نزدیک موٹر سائیکل پر سوار خود کش بم بار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔صدر کی انتخابی مہم کے ترجمان حامد عزیز کا کہنا ہے کہ اشرف غنی موقع پر موجود تھے تاہم انہیں کوئی ضرر نہیں پہنچا۔دوسری جانب پروان صوبے کے گورنر کی ترجمان وحیدہ شاہ کار کے مطابق دھماکا آج نکالی جانے والی انتخابی ریلی کے دوران ہوا۔پروان صوبے کے ہسپتال کے ڈائریکٹر نے تصدیق کی ہے کہ حملے میں 24 افراد ہلاک اور 31 زخمی ہوئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ابھی تک کسی جانب سے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی گئی۔ادھر کابل میں افغان پولیس کے ذمے داران نے بتایا کہ دارالحکومت کے وسط میں ہونے والے ایک دھماکے میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔ دھماکے کے بعد ایمبولینس کی گاڑیاں اور افغان فورسز فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔کابل دھماکے کی ذمے داری قبول کرنے کے حوالے سے بھی کوئی اعلان سامنے نہیں آیا۔واضح رہے کہ افغانستان میں صدارتی انتخابات رواں ماہ منعقد ہوں گے۔