سمستی پور لوک سبھا اور بہار کے 5اسمبلی سینٹوںکا ضمنی انتخاب 21اکتوبر کو، ہریانہ اور مہاراشٹر میںبھی انتخاب کا اعلان

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 21-September-2019

نئی دہلی:سمستی پور لوک سبھا سیٹ سمیت بہا رکی پانچ اسمبلی سینٹوں پر ضمنی انتخاب 21اکتوبر کو کرائے جائیںگے۔ ووٹوں کی گنتی 24اکتوبر کوہوگی۔ چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے آج ضمنی انتخاب کا اعلان کرتے ہوئے بتایاکہ بہار میں ایک لوک سبھاسیٹ (سمستی پور) اور پانچ اسمبلی سینٹوں پر کشن گنج، سمری بخیارپور، ناتھ نگر، بلہراور دروندھا سیٹ پر ووٹنگ ہوگی۔ اس بیچ الیکشن کمیشن نے دو ریاستوں ہریانہ اور مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ مہاراشٹر اور ہریانہ میں 21 اکتوبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ 24 اکتوبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ مہاراشٹر میں کل 288 سیٹوں کے لئے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ وہیں، ہریانہ میں 90 سیٹوں کے لئے ووٹ پڑیں گے۔چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ دونوں ریاستوں میں 27 ستمبر کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ 4 اکتوبر تک کاغذات نامزدگی داخل کئے جا سکتے ہیں اور 7 اکتوبر تک کاغذات نامزدگی واپس لئے جا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ الگ الگ ریاستوں کی 64 اسمبلی سیٹوں اور بہار کی سمستی پور لوک سبھا سیٹ پر ضمنی انتخابات بھی 21 اکتوبر کو ہوں گے۔پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ 288 اسمبلی سیٹوں والے مہاراشٹر میں اور 90 سیٹوں والے ہریانہ میں ایک ہی مرحلے میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ انتخابی شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی دونوں ریاستوں میں انتخابی ضابطہ اخلاق بھی نافذ ہو گیا ہے۔ اب ان دونوں ریاستوں میں کوئی نئے اعلانات نہیں کئے جا سکیں گے۔ مہاراشٹر میں 8.9 کروڑ رائے دہندگان اور ہریانہ میں 28 لاکھ ووٹرز اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔اروڑہ نے کہا کہ پر امن اور منصفانہ انتخابات کرانے کے لئے دونوں ریاستوں میں مرکزی سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا جائے گا اور انتخابات کے اخراجات کی نگرانی اور دیگر معاملات کے لئے انتخابی مبصرین کو تعینات كياجائے گا۔ الیکشن کمیشن نے امیدواروں کے انتخابات کے اخراجات کی حد 28 لاکھ روپے مقرر کی ہے۔ انتخابی مہم کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق پر قریبی نظر رکھی جائے گی اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں پر کارروائی کی جائے گی۔