بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ کیلئے ہریانہ سمیت پانچ ریاستوں کو ایوارڈ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 07-September-2019

نئی دہلی،(یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی کااہم پروگرام ’بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ‘ کو کامیابی سے نافذ کرنے اور جنسی تناسب میں بہتری کے لیے ہریانہ، اتراکھنڈ، دہلی، راجستھان، اور اترپردیش کو ایوارڈ دیا گیا ہے۔ خواتین و اطفال کی فلاح و بہبود کی مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے جمعہ کو یہاں منعقد ’بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ ایوارڈ2019‘ کی تقریب میں ان ریاستوں کے نمائندوں کووقتِ پیدائش جنسی تناست کو بڑھانے کے لیے ایوارڈ دیا۔ اس موقع پر خواتین و اطفال کی فلاح و بہبودکی مرکزی وزیر مملکت دیباشری چودھری اور کئی اعلیٰ افسران موجود تھے۔ تقریب میں وقتِ پیدائش جنسی تناسب میں بہتری کے لیے 10اضلاع کو بھی ایوارڈ دیا گیا۔ ان میں اروناچل پردیش کا مشرقی کیمانگ، ہریانہ کا مہیندر گڑھ اور بھیوانی، اتراکھنڈ کا اودھم سنگھ نگر، تملناڈو کا ناماکَّل، مہاراشٹر کا جل گاؤں، اترپردیش کا اٹاوہ، چھتیس گڑھ کا رائے گڑھ، مدھیہ پردیش کا ریوا اور راجستھان کا جودھپور شامل ہیں۔ ان کے علاوہ محترمہ ایرانی نے 10 اضلاع کو ’بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ‘ منصوبہ کے بارے میں بیداری پھیلانے اور بہتر ڈھنگ سے نافذ کرنے کے لیے بھی ایوارڈ دیا۔ ان میں ہماچل پردیش کے منڈی، شملہ اور سرمور، تملناڈو کا ترولُّور، گجرات کا احمدآباد، جموں و کشمیر کا کشتواڑ، کرناٹک کا گڈگ، ناگالینڈ کا ووکھا، اترپردیش کا فرخ آباد اور راجستھان کا ناگور شامل ہیں۔تقریب میں مرکزی وزیر نے پانچوں ریاستوں کے چیف سکریٹری اور کمشنر اور 9ریاستوں کے 10اضلاع کے ضلع مجسٹریٹ اور ڈپٹی کمشنر کو وقتِ پیدائش جنسی تناسب میں مسلسل بہتری کے لیے اعزاز دیا ۔بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ پروگرام کی شروعات 22 جنوری 2015 میں ہوئی تھی۔ اب یہ 640 اضلاع میں نافذ ہیں ۔ان تمام اضلاع کو اس منصوبے میں شامل کی گیا ہے۔ سنہ 2014۔15 اور 2018۔19 کی مدت کے لیے وقتِ پیدائش جنسی تناست سے متعلق ریاست اورمرکز کے زیر انتظام علاقہ جاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنسی تناست بڑھ کر 918 سے بڑھ کر 931 ہو گیا ہے جو قومی سطح پر بہتری کا غماز ہے۔