دفعہ 370 کا خاتمہ مودی سرکار کی بڑی حصولیابی: جتیندر سنگھ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-September-2019

جموں ،(یو این آئی) جموں وکشمیر کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے والی دفعہ 370 کو ختم کرنے کے مرکزی حکومت کے فیصلے کو نریندر مودی حکومت کی ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے ، مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے منگل کے روز کہا کہ یہ اقدام پاکستان کے مقبوضہ کشمیر کے حصول کے لئے فیصلہ کن اقدام ثابت ہوں گے ۔ڈاکٹر سنگھ نے مرکزی حکومت کی 100 روزہ کامیابیوں کی ملک گیر مہم کے دوران یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ قومی جمہوری اتحاد کی سربراہی میں مرکز میں نریندر مودی حکومت نے انتہائی جرات مندانہ اور فیصلہ کن فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کو ختم کرنا مودی حکومت کی دوسری میعاد کا سب سے بڑا فیصلہ ہے۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا ، ’’میں کہتا ہوں کہ آرٹیکل 370 کے خاتمے کو 100 سال کے کارنامے کے طور پر ریکارڈ کیا جانا چاہئے اور اگر آج بھارتیہ جن سنگھ کے بانی ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی زندہ ہوتے تو وہ اعلان کرچکے ہوتے کہ جاؤ پورے ملک کو بتاؤ کہ مسٹر مودی اور مسٹر شاہ نے اس دفعہ کوختم کیا ہے۔ یہ قدم جموں و کشمیر کے عام لوگوں کی بہتری کے لئے اٹھایا گیا ہے اور مرکزی حکومت کا اگلا قدم پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کو دوبارہ سے حاصل کرنا ہے۔ڈاکٹر سنگھ نے دعوی کیا کہ وادی کشمیر میں صورتحال پرامن ہے اور کچھ جگہوں پر دفعہ 144 لاگو ہے ، ان کے علاوہ کہیں کوئی بند یا کرفیو نہیں ہے اور ان کو بھی جلد ہی اٹھا لیا جائے گا۔موبائل انٹرنیٹ پر پابندی کے بارے میں ، انہوں نے کہا ، “اس معاملے میں مرکزی وزارت داخلہ سے بات چیت جاری ہے۔ اس دوران اس کو معمول بنا لیا گیا تھا لیکن اس کو کچھ شرپسندعناصر نے غلط استعمال کیا اور سوشل میڈیا پر قابل اعتراض ویڈیوز نشر کیں جس کے بعد اسے دوبارہ روکنا پڑا۔