شرد پوار نے حکومت کی پالیسیوں پر تنقید کی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 21-September-2019

جالنا ، (مہاراشٹر) (یو این آئی) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شرد پوار نے جمعہ کے روز کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں اور غلط فیصلوں کی وجہ سے مہاراشٹر متاثر ہوا ہے اور جب ریاست بحران میں ہے تو انہیں کیسے نیند آئے گی ۔عوام سے اپیل کرتے ہوئے مسٹر پوار نے کہا کہ انہیں آئندہ اسمبلی انتخابات میں سبق سکھانا چاہئے۔ انہوں نے آج جالنا شہر میں وہ مہاراشٹر کے چھ روزہ دورے کے ایک حصے کے طور پریہاں پہنچے تھے۔ مسٹر پوار آئندہ قانون ساز اسمبلی انتخابات کے مدنظر مہاراشٹرا کا دورہ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ریاست کا سب سے بڑا مسئلہ کسانوں کی خودکشی ہے۔ قرضوں کی پریشانیوں کے سبب ہزاروں کسانوں نے خود کشی کی ہے۔ کاشتکاروں کی فصل ٹھیک نہیں ہو رہی ہے اور نہ ہی فصل کی قیمت معقول ہے۔ کسانوں کو بھی اپنی پیداوار کے مناسب نرخ نہیں ملتے ہیں۔مسٹر پوار نے کہا کہ کولہا پور میں سانگلی اور ستارا کے عوام سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ گنے اور دیگر فصلوں کو بھی سیلاب کی وجہ سے نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے ملنے کے بجائے ، مسائل کو دور کرنے کی بجائے وزیر اعلی نے سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی دورہ کیا۔مسٹر پوار نے کہا کہ جب وہ وزیر تھے تو انہوں نے کسانوں کی مالی مدد کرکے ان کی مدد کی تھی ، لیکن یہ حکومت ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کر سکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ‘این سی پی کے دور میں بیراج تعمیر کیے گئے تھے ، جس کی وجہ سے لوگوں کو پانی مل رہا ہے اور کاشتکاروں کو آبپاشی میں مدد ملی۔ آج نوجوان خاموشی سے بیٹھے ہیں ، لیکن کل اگر یہ نوجوان ناراض ہوئے تو وہ حکومت کا تختہ الٹ دیں گے۔مسٹر پوار جالنا میں جلسہ عام سے خطاب کے بعد اورنگ آباد روانہ ہوگئے۔