شیوپال سماج وادی پارٹی میں شامل ہوسکتے ہیں : اکھلیش یادو

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 21-September-2019

لکھنؤ (یواین آئی) سماج وادی پارٹی سے الگ ہو کر نئی پرگتی شیل سماج وادی پارٹی بنانے والے شیو پال سنگھ یادو کو واضح طور پر پیغام دیتے ہوئے پارٹی صدر اکھلیش یادو نے آج کہا کہ پارٹی اور خاندان میں مکمل جمہوریت ہے اور سب کے لئے دروازے کھلے ہوئے ہیں۔اگر وہ چاہتے ہیں تو سماجوادی پارٹی میں واپس آ سکتے ہیں۔شیو پال سنگھ یادو نے مین پوری میں کہا تھا کہ وہ پھر سے پارٹی میں آنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ سماج وادی پارٹی میں مکمل طور پر جمہوریت ہے اور خاندان کا کوئی بھی رکن کسی بھی پارٹی میں جا سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بات ایک سوال کے جواب میں کہی جس میں پوچھا گیا کہ ان کے خاندان کی ایک رکن بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہو کر ضمنی انتخاب لڑسکتی ہیں۔اکھیلیش یادو نے کہا کہ وہ شیو پال سنگھ یادو کی اسمبلی سے رکنیت ختم کرنے کی درخواست واپس لے لیں گے۔ سال 2017 میں اسمبلی انتخابات میں شیو پال یادو سماجوادی پارٹی کے ٹکٹ پر جسونتنگر سیٹ سے جیتے تھے اور بعد میں خاندانی تنازعہ کے بعد نئی پارٹی بنالی تھی۔