غیرملکی فوجیں خلیج میں ’عدم استحکام‘ پیدا کر رہی ہیں، روحانی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 23-September-2019

تہران،ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ خلیج کے خطے میں غیرملکی فوجوں کی موجودگی خطے میں عدم استحکام میں اضافے کا سبب بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران ایک امن منصوبے کا خواہاں ہے۔ایرانی صدر روحانی کا یہ بیان ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے، جب سعودی عرب میں آئل فیلڈز پر ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد امریکا نے خطے میں اپنے فوجیوں کی تعداد میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ایران میں سالانہ فوجی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے حسن روحانی نے کہا، ”غیرملکی فوجیں ہمارے لوگوں اور ہمارے خطے کے لیے مسائل اور عدم اسحتکام کا باعث بن سکتی ہیں۔‘‘حسن روحانی کا یہ خطاب ایران کے ٹی وی چینلز پر براہ راست نشر کیا گیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ آئندہ دنوں میں اقوام متحدہ میں اپنا امن منصوبہ پیش کریں گے۔ ”ان حساس اور اہم تاریخی لمحات میں، ہم اپنے ہمسایہ ممالک کی جانب دوستی اور بھائی چارے کا ہاتھ بڑھاتے ہیں۔‘‘پچھلے سال مئی میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایرانی جوہری معاہدے سے نکلنے اور ایران کے خلاف پابندیوں کے دوبارہ نفاذ کے اعلان کے بعد سے خطے میں کشیدگی میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے۔ صدر ٹرمپ کا موقف ہے کہ وہ ایران پر دباؤ میں اضافہ کر کے تہران حکومت کے ساتھ ایک بہتر جوہری ڈیل چاہتے ہیں۔ دوسری جانب چودہ ستمبر کو سعودی آئل تنصیبات پر ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد اس کشیدگی میں نمایاں اضافہ نظر آیا ہے۔ واشنگٹن اور سعودیہ نے ان حملوں کا الزام ایران پر عائد کیا ہے، جب کہ ایران ان الزامات کی نفی کر رہا ہے۔ان حملوں کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ صدر ٹرمپ نے ابتدا میں ان حملوں کے جواب میں ممکنہ عسکری کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکا ‘مکمل طور پر تیار ہے‘ تاہم بعد میں ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس حوالے سے کسی عسکری کارروائی کا فی الحال ارادہ نہیں رکھتے۔جمعے کو امریکی وزیردفاع مارک ایسپر نے کہا تھا کہ امریکا سعودی عرب کی درخواست پر مزید امریکی فوجی دستے خطے میں تعینات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوجیوں کی تعیناتی ‘دفاعی نویت‘ کی ہے اور اس کا بنیادی کام فضائی اور میزائل حملوں سے تحفظ ہو گا۔