فرار آر جے ڈی رکن اسمبلی کی گرفتاری کے لئے کئی ٹھکانوں پر چھاپہ ماری

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 14-September-2019

بھوجپور۔ بہار کے مشہور سیکس ریکیٹ معاملہ میں آرا سیول کورٹ نے راشٹریہ جنتا دل کے رکن اسمبلی ارون یادو کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا ہے۔ اس کے بعد پولیس نے رکن اسمبلی کی گرفتاری کے لئے دبش بڑھا دی ہے۔ جمعہ کو پولیس نے ان کی گرفتاری کے لئے دارالحکومت پٹنہ اور آرا سمیت ان کے کئی ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی۔ حالانکہ ملزم رکن اسمبلی ابھی بھی فرار ہیںبتا دیں کہ آرا پولیس کی درخواست پر خصوصی جج اے ڈی جے۔1 کے کورٹ نے جمعہ کو پاکسو ایکٹ کے تحت رکن اسمبلی کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا تھا۔ اس کے بعد ان کی گرفتاری طئے مانی جا رہی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق، اگر وہ جلد خودسپردگی نہیں کرتے ہیں تو پولیس ان کے خلاف آگے کی کارروائی کرے گی اور اشتہار چپکانے کے بعد قرقی کے لئے عدالت جائے گی ۔غور طلب ہے کہ نابالغ متاثرہ گزشتہ 18 جولائی کو پٹنہ میں چل رہے سیکس ریکیٹ کے چنگل سے کسی طرح آزاد ہوکر بھوجپور پولیس کے پاس پہنچی تھی ۔ متاثرہ نے بتایا تھا کہ اس کو پٹنہ میں ایک انجینئر اور ایک ممبر اسمبلی کی رہائش گاہ پر بھیجا جاتا تھا ۔رہائش گاہ نمبر کی بنیاد پر الزامات کے گھیرے میں آئے آر جے ڈی کے ممبر اسمبلی نے اس وقت وضاحت پیش کرتے ہوئے سیکس ریکیٹ میں شامل ہونے سے انکار کردیا تھا ، لیکن سیکس ریکیٹ چلانے والی خاتون نے لڑکی کو ممبر اسبملی کی رہائش گاہ پر بھیجے جانے کی بات کا اعتراف کرلیا تھا ۔ تقریبا ایک ماہ تک ٹھنڈے بستہ میں پڑا رہا یہ معاملہ اب متاثرہ کے عدالت میں بیان دینے کے بعد پھر سرخیوں میں ہے ۔